وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے دورۂ کوئٹہ کے دوران وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے ساتھ امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
کوئٹہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے دورۂ کوئٹہ کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کی مشترکہ صدارت میں صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے امن و امان کی مجموعی صورتحال، جاری سیکیورٹی اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں انسدادِ دہشت گردی فورس اور بلوچستان پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار مزید بہتر بنانے، پولیس کو مضبوط کرنے اور وزارتِ داخلہ کی جانب سے درکار وسائل کی فراہمی پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جدید ٹیکنالوجی، مؤثر انٹیلی جنس اور مربوط حکمت عملی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے امن کے لیے ماسٹر پلان پر تیز رفتار عملدرآمد پر زور دیا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف ہر محاذ پر بھرپور کارروائی جاری رکھے گی، ریاست کی رٹ ہر قیمت پر برقرار رکھی جائے گی اور وفاق کے تعاون سے بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔



