حکومت بلوچستان کے محکمہ آبپاشی کے مطابق ضلع گوادر میں دریائے بسول پر تعمیر کیا گیا بسول ڈیم مکمل ہو چکا ہے، جس سے اورماڑہ، جناح نیول بیس، کیڈٹ کالج اور قریبی علاقوں کو پینے کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
کوئٹہ: حکومت بلوچستان کے محکمہ آبپاشی نے اعلان کیا ہے کہ ضلع گوادر کے علاقے اورماڑہ سے تقریباً 54 کلومیٹر شمال مغرب میں دریائے بسول پر تعمیر کیا گیا بسول ڈیم منصوبہ مکمل ہو چکا ہے۔ ڈیم سے اورماڑہ شہر، جناح نیول بیس، کیڈٹ کالج اورماڑہ اور قریبی آبادیوں کو روزانہ پینے کے پانی کی فراہمی جاری ہے، جس سے سال بھر پانی کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
محکمہ آبپاشی کے مطابق بسول ڈیم میں بارش اور سیلابی پانی ذخیرہ کیا جاتا ہے، جس سے تقریباً 6,650 ایکڑ زرعی اراضی کو سیراب کرنے میں مدد ملے گی۔ اس منصوبے سے زیرِ زمین پانی کی سطح بہتر ہوگی، زراعت، مویشی بانی اور ماہی گیری کو فروغ ملے گا، جبکہ سیلاب کے خطرات میں بھی کمی آئے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بسول ڈیم منصوبہ ساحلی بلوچستان میں پانی کے تحفظ اور علاقے کی معاشی و سماجی ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔



