Facebook YouTube TikTok WhatsApp
GOB

کوئٹہ میں اے آئی ٹریفک سگنلز نصب کرنے کا فیصلہ

✍️ Nazrban Balochistan 📅 27 Jul 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں کوئٹہ میں ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے اے آئی بیسڈ ٹریفک سگنلز اور جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے جدید اے آئی (مصنوعی ذہانت) بیسڈ ٹریفک سگنلز نصب کرنے اور جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ پر قابو پانے اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ٹریفک سگنلز فعال کیے جائیں گے، جس سے شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مؤثر، پائیدار اور جدید ٹریفک نظام کے نفاذ کے لیے مربوط اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اور محفوظ ٹریفک نظام حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک کے مسائل کا حل حکومت بلوچستان کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ اے آئی بیسڈ ٹریفک مینجمنٹ سے سفر کا دورانیہ کم ہوگا، ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی اور سڑکوں پر نظم و ضبط، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو فروغ ملے گا۔

وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوئٹہ کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنے اور ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کے ذریعے عوام کو محفوظ، منظم اور سہل سفری ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں