چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال گوادر میں ایم آر آئی، ڈائیلائسز، آئی سی یو، کارڈیالوجی اور دیگر جدید شعبے قائم کرنے کے لیے زیر التوا فنڈز فوری جاری کرنے کی ہدایت دی۔
کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال گوادر سمیت انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے زیرِ انتظام بلوچستان بھر کے ہسپتالوں کی کارکردگی اور طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) زاہد سلیم، سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن، ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمن خان، انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبدالباری، چیف آپریٹنگ آفیسر مظہر احمد صدیقی، ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر شامل، ڈائریکٹر آپریشن ساؤتھ ڈاکٹر عفان فائق زادہ، ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ، چیف انجینیئر جی ڈی اے حاجی سید محمد، ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر ناصر شیخ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران مختص فنڈز مکمل طور پر جاری نہ ہونے کے باعث بعض اہم منصوبے بروقت مکمل نہیں ہو سکے۔ چیف سیکرٹری نے زیر التوا فنڈز فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔
اجلاس میں ہسپتال میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایم آر آئی مشین، جدید ڈائیلائسز یونٹ، آئی سی یو، جدید ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ، نئے آپریشن تھیٹرز، مکمل فعال لیبارٹری، نوزائیدہ بچوں کے لیے انکیوبیٹرز، جبکہ کارڈیالوجی، امراضِ چشم (آئی) اور ای این ٹی سمیت دیگر خصوصی شعبے قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا کہ جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال گوادر مکران ڈویژن کے لاکھوں شہریوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات مفت فراہم کرنے والا ایک اہم طبی مرکز بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے قیام سے قبل عوام کو علاج کے لیے کراچی، کوئٹہ اور دیگر شہروں کا رخ کرنا پڑتا تھا، تاہم اب بین الاقوامی معیار کی طبی خدمات مقامی سطح پر دستیاب ہیں۔
چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال کو جدید طبی آلات، درکار افرادی قوت اور مالی وسائل کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ عوام کو مزید بہتر اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈ شپ ہسپتال گوادر کو جنوبی بلوچستان کا جدید اور مثالی طبی مرکز بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔



