Facebook YouTube TikTok WhatsApp
GOB

صوبائی میڈیا فیلوشپ پروگرام کا آغاز، ذمہ دارانہ صحافت اور خواتین کے حقوق پر زور

✍️ Nazrban Balochistan 📅 28 Jul 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

کوئٹہ میں منعقدہ صوبائی میڈیا فیلوشپ پروگرام کی افتتاحی تقریب میں خواتین کے حقوق، صنفی مساوات اور حساس سماجی مسائل پر ذمہ دارانہ صحافتی رپورٹنگ کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

کوئٹہ: محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ حکومت بلوچستان، بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز)، اسٹرینتھننگ پارٹیسپیٹری آرگنائزیشن (ایس پی او) اور اقوام متحدہ کے ادارے یو این ایف پی اے کے اشتراک سے بیوٹمز کے پنک ہال میں “صوبائی میڈیا فیلوشپ پروگرام” کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ سائرہ عطاء نے کہا کہ موجودہ حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ، انہیں بااختیار بنانے اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے متعلقہ اداروں کے تعاون سے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرتی مثبت تبدیلی کا مؤثر ذریعہ ہے، جبکہ صنفی بنیاد پر تشدد، کم عمری کی شادی اور خواتین و بچوں سے متعلق حساس معاملات پر ذمہ دارانہ رپورٹنگ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا فیلوشپ پروگرام سے صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا، جس کے ذریعے وہ حقائق پر مبنی، متوازن اور حساس رپورٹنگ کرتے ہوئے عوام میں مؤثر آگاہی پیدا کر سکیں گے۔

اس موقع پر وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے کہا کہ جامعات صرف تعلیم تک محدود نہیں بلکہ سماجی بہتری اور قومی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیوٹمز نوجوان صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کو جدید تحقیق، تربیت اور عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ ذمہ دارانہ صحافتی رپورٹنگ نہ صرف معاشرے میں مثبت سوچ کو فروغ دیتی ہے بلکہ خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ، سماجی انصاف اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے اس مشترکہ اقدام کو بلوچستان میں صحافت کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے بتایا کہ بیوٹمز میں بی ایس فرانزک سائنسز اور بی ایس پبلک ہیلتھ کے نئے شعبے بھی قائم کیے گئے ہیں۔

تقریب سے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سعید شہوانی نے بھی خطاب کیا اور شرکاء کو میڈیا کے کردار سے آگاہ کیا۔ تقریب میں سرکاری حکام، میڈیا نمائندگان، اساتذہ، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آخر میں شرکاء میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں