گوادر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا کر 13 افراد کو بازیاب، تین مبینہ اسمگلروں کو گرفتار اور پانچ گاڑیاں قبضے میں لے لیں۔
دوسری کارروائی میں جیونی پولیس نے موٹر سائیکل چوری میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرکے تین چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔
گوادر: گوادر پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی جبکہ موٹر سائیکل چوری میں ملوث گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کرکے چوری شدہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کر لیں۔
پولیس کے مطابق نیو ٹاؤن فیز ون میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران ایک بنگلے سے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 13 افراد کو بازیاب کرایا گیا، جنہیں مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر عمان منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی تھی۔ کارروائی کے دوران بین الاقوامی انسانی اسمگلنگ گروہ کے تین مبینہ ارکان نادر شاہ، عبدالمجید اور ظہیرالدین شاہ کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی پانچ ٹویوٹا کرولا گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئیں۔
ایس ایس پی گوادر عطا الرحمٰن خان ترین نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ ایک سنگین جرم ہے اور اس میں ملوث تمام عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔ بازیاب افراد کو حفاظتی تحویل میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب ڈی آئی جی مکران رینج اور ایس ایس پی گوادر کی ہدایات پر جیونی سٹی پولیس نے چوری کی وارداتوں میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے تین چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مزید انکشافات و برآمدگیوں کی توقع ہے۔
گوادر پولیس نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر، انسانی اسمگلروں اور چوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ علاقے میں امن و امان اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔



