وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے وردہ داؤد قتل کیس کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔
کوئٹہ: ایئرپورٹ روڈ کی بابا فرید کالونی میں حاملہ خاتون وردہ داؤد کے مبینہ قتل اور ان کے چھ سالہ بیٹے کے زخمی ہونے کے واقعے پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
واضح رہے کہ اس افسوسناک واقعے کو نیوز پروگرام “نظر بان بلوچستان” میں نشر کیا گیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ وردہ داؤد کی لاش بابا فرید کالونی سے برآمد ہوئی، جبکہ ان کا چھ سالہ بیٹا شدید زخمی حالت میں سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں زیر علاج ہے۔
پروگرام میں مقتولہ کی بہن نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے واقعے کا نوٹس لینے، ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی تھی۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی ہدایات پر وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے فوری نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کی اور کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے اور ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

