بلوچستان کے ضلع قلات میں ایک درجن سے زائد اقسام کے سیب کاشت کیے جاتے ہیں، جن سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ ہے
قلات کے باغات میں سیبوں کی بہار
کہتے ہیں، ہر پھل جسم کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے، مگر ایک پھل ایسا بھی ہے جسے دل کی صحت کا ساتھی سمجھا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیب صدیوں سے صرف ذائقے کی نہیں بلکہ صحت کی علامت بھی مانا جاتا ہے۔ قدرت کی یہ نعمت وٹامنز، معدنیات اور توانائی سے بھرپور ہے، اور جب بات بلوچستان کے ضلع قلات کی ہو تو یہ پھل یہاں کی پہچان بن جاتا ہے۔
قلات میں کاجا، مشہدی، تور کولو، سفید کولو، شکر سیب، ثمر ریڈ اور نازک بدن سمیت ایک درجن سے زائد اقسام کے سیب کاشت کیے جاتے ہیں، جو اپنے ذائقے اور معیار کی وجہ سے ملک بھر میں پسند کیے جاتے ہیں۔
اگست سے دسمبر تک سیبوں کی پیداوار
ہر سال اگست کی آمد کے ساتھ ہی قلات کے باغات زندگی سے بھر جاتے ہیں۔ درختوں پر پکے ہوئے سرخ، سبز اور سنہری سیب ایک دلکش منظر پیش کرتے ہیں، اور یہی موسم دسمبر تک جاری رہتا ہے۔
سیب کی ایک بڑی خوبی یہ بھی ہے کہ یہ نسبتاً زیادہ عرصے تک محفوظ رہ سکتا ہے، اسی لیے سال کے بیشتر مہینوں میں بازاروں کی زینت بنا رہتا ہے۔
سیب کے باغات سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار وابستہ
قلات میں ہزاروں ایکڑ پر پھیلے سیب کے باغات صرف زرعی پیداوار نہیں، بلکہ ہزاروں خاندانوں کی روزی روٹی کا ذریعہ بھی ہیں۔ باغات کی دیکھ بھال سے لے کر پھل کی برداشت، پیکنگ اور منڈیوں تک رسائی، ہر مرحلے پر بے شمار لوگوں کا روزگار وابستہ ہے۔
یہی باغات مقامی معیشت کو سہارا دیتے ہیں اور علاقے کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یوں جب بھی قلات کا نام لیا جائے، اس کے سرسبز باغات اور خوش ذائقہ سیب اس شناخت کا لازمی حصہ نظر آتے ہیں۔



