شعبہ میڈیا اسٹڈیز کی ٹیم نے مسلسل دوسری مرتبہ قومی سطح کے فلم فیسٹیول میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی
جامعہ بلوچستان کی شاندار کامیابی
اسلام آباد: جامعہ بلوچستان کوئٹہ کے شعبہ میڈیا اسٹڈیز نے چوتھے سالانہ نیشنل کلائمیٹ جسٹس فلم فیسٹیول اسلام آباد 2026 میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے قومی سطح پر ایک اور نمایاں کامیابی اپنے نام کرلی۔ فلم فیسٹیول 18 اگست 2026 کو انڈس کنسورشیم اسلام آباد کے زیر اہتمام پاکستان ریڈ کریسنٹ ہیڈ آفس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
شعبہ میڈیا اسٹڈیز کی ٹیم نے ملک کی سات مختلف جامعات کی ٹیموں کے درمیان بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
University of Balochistan students win national climate film festival.
مسلسل دوسری مرتبہ پہلی پوزیشن
جامعہ بلوچستان کے شعبہ میڈیا اسٹڈیز کے لیے یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ شعبے نے مسلسل دوسری مرتبہ نیشنل کلائمیٹ جسٹس فلم فیسٹیول میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ اس سے قبل 2025 میں بھی شعبہ میڈیا اسٹڈیز کی ٹیم نے اسی فلم فیسٹیول میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
رواں سال فیسٹیول میں ملک کی مختلف جامعات کی ٹیموں نے شرکت کی، تاہم جامعہ بلوچستان کی ٹیم نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور بہترین پیشکش کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔
ڈاکٹر محمد فہیم بلوچ کی قیادت میں ٹیم کی کامیابی
کامیاب ٹیم کی قیادت شعبہ میڈیا اسٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر محمد فہیم بلوچ نے بطور ٹیم لیڈر اور فوکل پرسن کی۔ ٹیم میں طلبہ زبیر خالد، سمیع، تحریم معظم اور ماہ نور شامل تھے۔
وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی اور جامعہ بلوچستان کی انتظامیہ نے شعبہ میڈیا اسٹڈیز کی ٹیم، چیئرمین، اساتذہ اور طلبہ کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
موسمیاتی شعور اجاگر کرنے میں طلبہ کا کردار
جامعہ بلوچستان کی ٹیم کی مسلسل دوسری مرتبہ پہلی پوزیشن حاصل کرنا طلبہ اور اساتذہ کی تخلیقی صلاحیتوں، محنت اور موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی مسائل سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے اس کامیابی کو تعلیمی، تحقیقی اور تخلیقی میدان میں شعبہ میڈیا اسٹڈیز کی نمایاں پیش رفت قرار دیا، جبکہ فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے بھی کامیاب ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔



