262 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم 251 رنز پر آؤٹ، عبدالقادر 80 اور فرحان یوسف 47 رنز کے ساتھ نمایاں
ارونڈل: انگلینڈ انڈر 19 نے پاکستان انڈر 19 کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 روزہ یوتھ ٹیسٹ میں 10 رنز سے شکست دے دی۔ 262 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 62.1 اوورز میں 251 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
عبدالقادر اور فرحان یوسف کی شاندار شراکت
پاکستان کی جانب سے عبدالقادر نے 80 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ کپتان فرحان یوسف نے 47 رنز بنائے۔ دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 124 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے پاکستان کی فتح کی امیدیں روشن کر دی تھیں۔
پاکستان 249 رنز پر 8 وکٹیں گنوا کر فتح سے صرف 13 رنز دور تھا، تاہم انگلش بولرز نے آخری دو وکٹیں حاصل کرکے میچ اپنے نام کر لیا۔
احمد حسین کی 4 وکٹیں
اس سے قبل انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 233 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ احمد حسین نے 4، محمد حذیفہ نے 3 جبکہ محمد صیام نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کی جانب سے رالفی البرٹ نے دوسری اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کی مزاحمت ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
9 ستمبر سے ون ڈے سیریز کا آغاز
چار روزہ میچ کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 4 ون ڈے میچوں کی سیریز 9 ستمبر سے شروع ہوگی۔ پہلا میچ بھی ارونڈل میں کھیلا جائے گا۔



