اوستہ محمد اور لورالائی میں بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت تعلیم، ٹیکنالوجی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔
اوستہ محمد میں اسکول کی نئی عمارت مکمل
اوستہ محمد: تحصیل گنداخہ کے گوٹھ ٹکری ذوالفقار علی پندرانی میں BSDI کے تحت گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول سردار فقیر محمد پندرانی کی نئی عمارت تعمیر کرکے مکمل کرلی گئی ہے۔
نئی عمارت کی تکمیل سے طلباء کو محفوظ اور بہتر تعلیمی ماحول میسر آئے گا جبکہ تعلیمی سہولیات میں بہتری سے بچوں کو تعلیم جاری رکھنے کے مزید مواقع ملیں گے۔
لورالائی میں کھلی کچہری کا انعقاد
لورالائی: BSDI کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے جائزے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں کھلی کچہری منعقد کی گئی۔
کھلی کچہری وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری بلوچستان اور ڈپٹی کمشنر لورالائی محمد حسیب شجاع کی ہدایات پر منعقد ہوئی، جس میں ایف سی، مختلف محکموں کے افسران، تاجروں، صحافیوں اور شہریوں نے شرکت کی۔
شہریوں کے مسائل کے حل کی ہدایت
شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر لورالائی ندیم اکرم کے سامنے اپنے مسائل پیش کیے، جن پر انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔
انتظامیہ کے مطابق BSDI کے منصوبوں سے تعلیم، ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کی ترقی کے شعبوں میں سہولیات بہتر ہوں گی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے اور کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔



