Facebook YouTube TikTok WhatsApp
تعلیم

بلوچستان کے ہونہار اور باصلاحیت طلبہ و طالبات کے لیے عالمی سطح پر کامیابیوں کا ایک شاندار موقع

✍️ Nazrban Balochistan 📅 04 Oct 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے عالمی جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان

حکومت بلوچستان نے دنیا بھر کی 100 سے زائد ممتاز جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس پروگرام کا اعلان کردیا، بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کے تحت ہر سال 10 باصلاحیت نوجوانوں کو بیرونِ ملک پی ایچ ڈی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

حکومت بلوچستان کے اعلامیے کے مطابق پروگرام کا مقصد صوبے کے باصلاحیت نوجوانوں کو عالمی معیار کی جامعات تک رسائی دینا اور انہیں علم و تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے عالمی مواقع

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی سطح کے پی ایچ ڈی اسکالرشپ پروگرام کے اجرا پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام بلوچستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دنیا کی بہترین جامعات تک پہنچانے کا سفر شروع ہوچکا ہے، یہ صرف اسکالرشپس کا پروگرام نہیں بلکہ بلوچستان کے مستقبل کو بدلنے کی کوشش ہے۔

علم اور تحقیق کو ترقی کا راستہ بنایا جائے گا

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا نوجوان مواقع کی تلاش میں دنیا سے پیچھے نہیں رہے گا، دنیا کی بہترین جامعات بلوچستان کے نوجوانوں کا مقدر بنیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف اسکالرشپس نہیں بلکہ بلوچستان کی آنے والی نسلوں کے لیے امید، علم اور ترقی کے نئے دروازے ہیں۔

نوجوان بلوچستان کا مستقبل ہیں

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ علم و شعور اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرکے کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مستقبل بندوق تھامنے والوں کا نہیں بلکہ کتاب تھام کر دنیا کی ممتاز جامعات میں علم و تحقیق کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے نوجوانوں کا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے عزم ظاہر کیا کہ حکومت کا مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو دنیا کی ممتاز جامعات تک پہنچا کر علم و تحقیق کے عالمی نقشے پر صوبے کو نمایاں مقام دلانا ہے۔

Balochistan Announces PhD Scholarships for Youth at 100+ Top Universities Worldwide

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں
↑