بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت تربت پریس کلب کی بحالی، مستونگ کے اسکولوں میں تعلیمی سہولیات اور گوادر ڈگری کالج کے لیے سولرائزیشن منصوبے پر پیش رفت جاری ہے۔
تربت پریس کلب آڈیٹوریم 20 سال بعد بحال
تربت: تربت پریس کلب آڈیٹوریم خستہ حالی کے باعث 2006ء سے غیر فعال تھا، جس کے باعث صحافیوں کو اپنے فرائض کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا تھا۔ صحافیوں کی درخواست پر آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی خصوصی ہدایت کے تحت بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) فیز-II کے ذریعے صرف ایک ماہ میں آڈیٹوریم کی جدید طرز پر تزئین و آرائش مکمل کرلی گئی۔
تزئین و آرائش کے بعد آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) نے تربت پریس کلب آڈیٹوریم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ منصوبے کے تحت فرنیچر، چھت کی مرمت، آڈیو سسٹم، اسکرین، پروجیکٹر، 6 نئے ایئر کنڈیشنرز، باؤنڈری وال، دفتر اور انتظار گاہ سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
The Balochistan Special Development Initiative is improving public facilities through targeted development projects.
تربت پریس کلب کے عہدیداران اور ممبران نے صحافی برادری کے لیے سہولیات کی فراہمی اور پریس کلب کی بحالی پر حکومت بلوچستان اور ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کا شکریہ ادا کیا۔
مستونگ کے اسکولوں میں تعلیمی ماحول بہتر بنانے پر توجہ
مستونگ: بی ایس ڈی آئی کے تحت مختلف اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور تعلیمی ماحول میں بہتری کے لیے کام کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر بہرام سلیم بلوچ کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اجلاس ہوا، جس میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری، معیارِ تعلیم، درپیش مسائل اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ کارکردگی بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر بہرام سلیم بلوچ نے کہا کہ تعلیم قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے اور اساتذہ نئی نسل کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اسکولوں کے باقاعدہ دوروں اور حاضری کی رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کی جبکہ غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ بھی دیا۔
گوادر ڈگری کالج کے لیے سولر سسٹم بی ایس ڈی آئی فیز 3 میں شامل کرنے کی تجویز
گوادر: بی ایس ڈی آئی کے تحت عوامی اداروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے بھی شامل کیے جا رہے ہیں۔
ایم این اے کیچ کم گوادر حاجی ملک شاہ گورگیج کی خصوصی ہدایت پر ماجد حسین نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج گوادر کا دورہ کیا اور پروفیسرز، لائبریرین اور طلبہ سے ملاقات کی۔ کالج کے پرنسپل نصیر احمد بلوچ نے ادارے کے لیے 12 کلوواٹ سولرائزیشن سسٹم کی ضرورت سے آگاہ کیا۔
ماجد حسین نے کہا کہ کالج کی اس ضرورت کو بی ایس ڈی آئی فیز 3 میں شامل کرکے سولر سسٹم نصب کیا جائے گا۔
انہوں نے فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کے طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور ٹیکنالوجی کا ہے، طلبہ جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب تعلیمی مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔



