بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت ضلع جھل مگسی میں صحت اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں، جبکہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ترقیاتی منصوبوں کی ٹینڈرنگ کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال گنداواہ میں طبی سہولیات کی بہتری کے اقدامات
بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت جھل مگسی کے ڈی ایچ کیو ہسپتال گنداواہ میں طبی سہولیات کی بہتری اور ضروری سامان کی فراہمی پر کام جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ہسپتال میں بلڈ بینک کی سہولیات کو جدید بنانے کے لیے نئی مشینری بھی نصب کی جا رہی ہے۔
ایم ایس ڈاکٹر منصور احمد کھوسہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال گنداواہ کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بی ایس ڈی آئی کے تحت بلڈ بینک میں نصب نئی مشینری، مین میڈیکل اسٹور اور ہسپتال کی لیبارٹری کا جائزہ لیا۔
ڈاکٹر منصور احمد کھوسہ نے مختلف شعبوں میں موجود سہولیات، ادویات اور طبی انتظامات کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ ڈاکٹروں و عملے سے ہسپتال میں جاری امور کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ادویات اور ضروری طبی سامان کی دستیابی برقرار رکھی جائے اور علاج معالجے کے عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
Balochistan’s development initiative is improving healthcare facilities for communities in Jhal Magsi.
پی ایچ ای کے ترقیاتی منصوبوں کی ٹینڈرنگ مکمل
دوسری جانب بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت ضلع جھل مگسی میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) کے ترقیاتی منصوبوں کی ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا۔
ایکسیئن پی ایچ ای جھل مگسی شکیل احمد انصاری کی نگرانی میں پی ایچ ای آفس گنداواہ میں ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔ اس موقع پر ایس ڈی او پی ایچ ای جھل مگسی، ایس ڈی او پی ایچ ای گنداواہ، سرکاری کنٹریکٹرز اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔
ٹینڈرنگ کے دوران تمام بولیاں مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق حاضرین کی موجودگی میں اوپن کی گئیں، جس سے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو برقرار رکھا گیا۔
شفافیت اور میرٹ کو ترجیح دینے کا عزم
متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ بی ایس ڈی آئی کے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، میرٹ اور قانون کی پاسداری کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ منصوبوں کے ذریعے عوام کو معیاری اور بروقت بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
بی ایس ڈی آئی کے تحت طبی سہولیات میں بہتری کے اقدامات بھی مقامی آبادی کو بہتر اور مؤثر علاج کی سہولت فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔



