Facebook YouTube TikTok WhatsApp
صحت

دالبندین میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، 19 فوڈ کاروباری مراکز پر جرمانے

✍️ Nazrban Balochistan 📅 27 Jul 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے دالبندین میں مختلف فوڈ کاروباری مراکز کے معائنے کے دوران حفظانِ صحت اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر 19 مراکز پر جرمانے عائد کیے۔

دالبندین: بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) کی ڈویژنل فوڈ سیفٹی ٹیم نے دالبندین میں نان شاپس، مصالحہ شاپس، جنرل اسٹورز، ریسٹورنٹس اور بیکنگ یونٹس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مختلف خلاف ورزیوں پر 19 کاروباری مراکز پر جرمانے عائد کر دیے۔

بی ایف اے کے مطابق کارروائی کے دوران 3 ریسٹورنٹس، 3 مصالحہ شاپس، 7 جنرل اسٹورز، 3 نان شاپس اور 3 بیکنگ یونٹس کو ناقص صفائی، حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور غیر معیاری خوراک کی تیاری و فروخت پر جرمانہ کیا گیا۔

معائنہ کے دوران ورکرز کے ماسک، ہیڈ کور اور دستانوں کے بغیر کام کرنے، کھلے کوڑے دان، پراسیسنگ ایریا میں گندگی، نکاسی آب کے ناقص انتظامات، اشیائے خورونوش کی پیکنگ میں کیمیکل پرنٹڈ کاغذ اور اخبارات کے استعمال، مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخ درج نہ ہونے، مضر صحت رنگوں، ممنوعہ چائنیز نمک اور نان فوڈ گریڈ کلرز کے استعمال سمیت متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔

بی ایف اے ٹیم نے کارروائی کے دوران ایکسپائرڈ اور ممنوعہ اشیاء، جن میں گٹکا، ادب اور جے ایم شامل تھے، قبضے میں لے کر موقع پر تلف کر دیں۔ علاوہ ازیں معمولی نوعیت کی بے ضابطگیوں پر 20 فوڈ کاروباری مراکز کے مالکان کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔

بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کہا ہے کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبے بھر میں فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کی نگرانی اور کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں