Facebook YouTube TikTok WhatsApp
بلوچستان

ضلع نوشکی میں تین روزہ کرفیو نافذ، دفعہ 144 کے تحت نوٹیفکیشن جاری

✍️ Nazrban Balochistan 📅 29 Jul 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

محکمہ داخلہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر نوشکی میں 31 جولائی تک کرفیو نافذ کرتے ہوئے نقل و حرکت پر پابندی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سختی سے عمل درآمد کی ہدایت جاری کر دی۔

کوئٹہ: حکومت بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے ضلع نوشکی میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت تین روزہ کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو 28 جولائی 2026 کی رات 8 بجے سے نافذ ہوا، جو 31 جولائی 2026 کی رات 8 بجے تک مؤثر رہے گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضلع انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی (DICC) نوشکی کی رپورٹ کے مطابق 28 جولائی کو مغربی بائی پاس پر واقع فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چوکی پر دہشت گرد حملے کے بعد ضلع میں سیکیورٹی صورتحال انتہائی حساس ہو گئی ہے۔ مزید انٹیلی جنس رپورٹس میں آئندہ دنوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری تنصیبات اور دیگر حساس مقامات پر دہشت گرد حملوں کے خدشات کا بھی اظہار کیا گیا ہے۔

کرفیو کے دوران کسی بھی شخص کو مجاز اتھارٹی یا ضلعی انتظامیہ کی پیشگی اجازت کے بغیر گھر سے نکلنے یا ضلع میں نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ہر قسم کے عوامی اجتماعات، جلوس اور غیر ضروری سفر پر بھی پابندی عائد رہے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری فرائض انجام دینے والے اہلکاروں، ہنگامی طبی خدمات، ریسکیو اداروں، یوٹیلیٹی سروسز فراہم کرنے والے عملے اور عوامی مفاد میں ضروری قرار دیے جانے والے افراد کو ڈپٹی کمشنر نوشکی، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مشاورت کے بعد استثنا دے سکیں گے۔

محکمہ داخلہ نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کرفیو پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں