190 سے زائد ممالک میں کروڑوں رضاکاروں کی صفائی سرگرمیوں میں شرکت، پاکستان میں سالانہ 48.5 ملین ٹن کچرا پیدا ہونے کا تخمینہ
پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم صفائی منایا گیا، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی، کچرے کے بہتر انتظام اور صاف ستھرے ماحول کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔
2050 تک کچرے کی مقدار 3.8 ارب ٹن تک پہنچنے کا امکان
عالمی یوم صفائی کی مناسبت سے دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں کروڑوں رضاکاروں نے صفائی کی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ تقریباً 2.1 ارب ٹن بلدیاتی کچرا پیدا ہوتا ہے۔ کچرے میں اضافے کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو 2050 تک یہ مقدار 3.8 ارب ٹن تک پہنچنے کا امکان ہے۔
2.7 ارب افراد کو بنیادی کچرا جمع کرنے کی سہولت میسر نہیں
اعداد و شمار کے مطابق دنیا کی تقریباً ایک چوتھائی آبادی، یعنی 2.7 ارب افراد ایسے علاقوں میں رہتے ہیں جہاں کچرا جمع کرنے کا بنیادی بلدیاتی نظام موجود نہیں۔
پاکستان میں سالانہ تقریباً 48.5 ملین ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جبکہ اس میں ہر سال تقریباً 2.4 فیصد اضافہ ہورہا ہے۔ ایک پاکستانی شہری اوسطاً روزانہ 0.283 سے 0.612 کلوگرام کچرا پیدا کرتا ہے۔
مختلف رپورٹس کے مطابق پاکستان میں مجموعی کچرے کا صرف 50 سے 60 فیصد حصہ اٹھایا جاتا ہے، جبکہ باقی کچرا سڑکوں، خالی پلاٹوں، ندی نالوں اور سمندر تک پہنچ جاتا ہے۔ یہ صورتحال بارشوں کے دوران شہری سیلاب اور سمندری آلودگی میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔
کچرے میں کمی اور ری سائیکلنگ پر زور
ماہرین ماحولیات کے مطابق کچرے کے مسئلے کا مؤثر حل صرف صفائی نہیں بلکہ کچرا پیدا ہونے کی مقدار میں کمی بھی ہے۔ اس مقصد کے لیے غیر ضروری اور ایک بار استعمال ہونے والی اشیا سے گریز، غیر ضروری خریداری میں کمی، اشیا کا دوبارہ استعمال اور نامیاتی کچرے سے کھاد تیار کرنے جیسے اقدامات اہم ہیں۔
ماہرین نے کچرے کو خشک، گیلے اور خطرناک حصوں میں الگ کرنے، پلاسٹک، دھات اور شیشے کو ری سائیکل کرنے، محفوظ لینڈ فلز قائم کرنے اور کچرے سے توانائی پیدا کرنے جیسے طریقے اپنانے پر بھی زور دیا ہے۔
صاف ماحول کے لیے اجتماعی ذمہ داری ضروری
ماہرین کے مطابق کچرے کے بہتر انتظام سے ماحولیاتی آلودگی اور کاربن کے اخراج میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ زیرِ زمین پانی کو آلودگی سے محفوظ رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔
عالمی یوم صفائی کے موقع پر منعقدہ سرگرمیوں کا مقصد صرف کچرا اٹھانا نہیں بلکہ عوام میں صفائی، کچرے میں کمی اور ماحول کے تحفظ کی مستقل ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنا بھی ہے۔
اس موقع پر مختلف سرکاری، غیر سرکاری، سماجی اور رفاعی اداروں کے زیر اہتمام تقریبات میں کچرے میں کمی، ری سائیکلنگ اور ماحولیاتی آلودگی میں کچرے کے کردار کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔
Global Cleanup Day highlights the growing waste crisis as the world generates 2.1 billion tonnes of municipal waste annually, with Pakistan producing around 48.5 million tonnes each year.



