بلوچستان ہائی کورٹ نے واضح کیا ہے کہ قلات ڈویژن کا نوٹیفکیشن معطل نہیں ہوا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ نے قلات ڈویژن کی تحلیل سے متعلق دائر آئینی درخواست نمبر 1062/2026 کی سماعت 6 اگست 2026 تک ملتوی کر دی ہے اور فریقین کے وکلا کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔
بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر قلات ڈویژن سے متعلق نوٹیفکیشن معطل ہونے کی خبریں بے بنیاد، غیر مصدقہ اور حقیقت کے منافی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق عدالت نے قلات ڈویژن کے نوٹیفکیشن کو معطل نہیں کیا، لہٰذا اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں پر یقین نہ کیا جائے۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے عوام اور ذرائع ابلاغ سے اپیل کی ہے کہ عدالت سے منسوب کسی بھی خبر پر یقین کرنے سے قبل صرف مستند اور سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر انحصار کریں تاکہ غلط اطلاعات اور افواہوں کے پھیلاؤ سے بچا جا سکے۔



