وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ڈاکٹرز کو مسائل کے حل، مشاورت کے تسلسل اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اصلاحات جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مختلف ڈاکٹرز تنظیموں کے نمائندہ وفد نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں ملاقات کی، جس میں صوبے میں صحت کے شعبے کو درپیش مسائل، ڈاکٹرز کے پیشہ ورانہ امور اور طبی سہولیات کی بہتری سے متعلق تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی بھی موجود تھے، جبکہ وفد میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) کوئٹہ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان اور الائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندے شامل تھے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پائیدار اور مؤثر اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے پہلی مرتبہ ڈاکٹرز کو بڑے پیمانے پر ترقیاں دے کر ان کی پیشہ ورانہ خدمات کا اعتراف کیا ہے۔ حکومت ڈاکٹرز کے جائز مسائل سے آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹرز معاشرے کا قابل احترام طبقہ ہیں اور انسانی جانوں کے تحفظ کی اہم ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹرز پر زور دیا کہ وہ ایسے کسی اقدام سے گریز کریں جس سے غریب اور نادار مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے، کیونکہ عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور طبی برادری باہمی تعاون، اعتماد اور مسلسل مشاورت کے ذریعے صحت کے شعبے کو مزید مؤثر، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
وفد نے ڈاکٹرز کے مسائل سننے، مشاورتی عمل جاری رکھنے اور جائز مطالبات پر مثبت پیش رفت کی یقین دہانی کرانے پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔



