محمد عیسیٰ کراچی کے ضیاء الدین اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، حکومت بلوچستان سابق قومی و عالمی کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور علاج معالجے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، شاہد رند
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر سابق انٹرنیشنل فٹ بالر محمد عیسیٰ کا علاج سرکاری اخراجات پر شروع کردیا گیا ہے۔
معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے بتایا کہ سابق انٹرنیشنل فٹ بالر محمد عیسیٰ کراچی کے ضیاء الدین اسپتال میں زیر علاج ہیں، جہاں ان کے علاج معالجے کے لیے حکومت بلوچستان کی جانب سے معاونت فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے محمد عیسیٰ کے علاج کے تمام اخراجات سرکاری سطح پر برداشت کرنے کی ہدایت کی ہے، جس کے تحت حکومت نے ان کی بیماری کے دوران علاج کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔
سابق قومی اور عالمی کھلاڑیوں کی خدمات کا اعتراف
شاہد رند نے کہا کہ حکومت بلوچستان کھیلوں سے وابستہ شخصیات کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور سابق قومی و عالمی کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور علاج معالجے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان میں ملک اور صوبے کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں اور ان کی خدمات کا اعتراف کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
Balochistan CM Mir Sarfraz Bugti directs government-funded medical treatment for former international footballer Muhammad Essa at Ziauddin Hospital in Karachi.



