Facebook YouTube TikTok WhatsApp
GOB

وزیراعلیٰ کا دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی جاری رکھنے کا عزم، اے ٹی ایف اسکول کے لیے 15 کروڑ کا اعلان

✍️ Nazrban Balochistan 📅 31 Jul 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اے ٹی ایف پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میں امن کے قیام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سکیورٹی اہلکاروں کی مراعات بڑھانے اور اے ٹی ایف اسکول کے لیے 15 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انسداد دہشتگردی فورس (اے ٹی ایف) کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ صوبے میں امن ہر صورت قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں لیڈی کانسٹیبلز کی شرکت باعثِ فخر ہے اور یہ خواتین معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی خواتین نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن و امان کی مخدوش صورتحال میں اے ٹی ایف کے افسران اور اہلکاروں نے بہادری کے ساتھ قربانیاں دی ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا مقدس خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشتگردی کا پوری قوت سے مقابلہ جاری رکھا جائے گا۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ مکمل کرنے والے جوان اب صوبے کے امن اور عوام کے تحفظ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور جو عناصر بندوق کے زور پر اپنا نظریہ مسلط کرنا چاہتے ہیں، انہیں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کے خلاف منظم سازشیں کی جا رہی ہیں، تاہم پوری قوم متحد ہو کر انہیں ناکام بنائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو گمراہ ہونے سے بچایا جائے گا اور صوبے میں امن کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور اسپیشل کرائمز انویسٹی گیشن ونگ (SCIW) کے اہلکاروں کی تنخواہوں اور دیگر مراعات میں اضافے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اے ٹی ایف اسکول کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے 15 کروڑ روپے فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ وردی کے وقار اور تقدس کو ہر حال میں برقرار رکھیں اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ایمانداری، جذبے اور بہادری کے ساتھ انجام دیں۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں