موسمیاتی شعور کو عملی اقدامات میں بدلنے کے لیے توانائی و پانی کی بچت، ویسٹ مینجمنٹ اور کمیونٹی موبلائزیشن پر تربیت
کوئٹہ: پاکستان کے موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ 25 اضلاع سے 50 نوجوان کلائمیٹ لیڈرز کو ملک گیر اقدام کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جن میں بلوچستان کے 25 نوجوان بھی شامل ہیں جنہیں کوئٹہ میں خصوصی تربیت فراہم کی گئی۔
پروگریسو کلائمیٹ فاؤنڈیشن (PCF) پاکستان کے بلوچستان چیپٹر کے زیر اہتمام ’’Behavior Change for Climate Action‘‘ کے عنوان سے ٹریننگ آف ٹرینرز (ToT) کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں میں موسمیاتی شعور کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔
روزمرہ زندگی میں ماحول دوست اقدامات پر زور
تربیتی پروگرام میں توانائی اور پانی کی بچت، گھریلو سطح پر ماحول دوست اقدامات، گرین ہاؤس ہولڈ کمٹمنٹس، ویسٹ مینجمنٹ، کمیونٹی موبلائزیشن، ڈیٹا کلیکشن، فیڈ بیک و رپورٹنگ، پیئر نیٹ ورکنگ اور یوتھ لیڈرشپ کے حوالے سے عملی تربیت دی گئی۔
نوجوانوں کو اس حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کی گئی کہ وہ اپنے خاندانوں اور برادریوں کو بجلی اور پانی کے محتاط استعمال، بہتر کچرا انتظام اور وسائل کے غیر ضروری استعمال میں کمی کی ترغیب دیں۔
کلائمیٹ لیڈرز اپنے علاقوں میں کام کریں گے
تربیت مکمل کرنے کے بعد منتخب نوجوان اپنے متعلقہ علاقوں میں گھرانوں اور کمیونٹیز کے ساتھ کام کرتے ہوئے ماحول دوست طریقوں کو فروغ دیں گے اور لوگوں کو روزمرہ معمولات میں سادہ مگر مؤثر تبدیلیاں لانے کی ترغیب دیں گے۔
پروگرام Center for Behavior and Climate نے شروع کیا، جسے آغا خان فاؤنڈیشن نے مالی معاونت فراہم کی جبکہ اس پر عملدرآمد Progressive Climate Foundation (PCF) Pakistan کر رہا ہے۔
آگاہی کے ساتھ عملی تبدیلی بھی ضروری
منتظمین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے صرف آگاہی کافی نہیں، بلکہ دیرپا نتائج کے لیے گھریلو اور معاشرتی سطح پر روزمرہ رویوں میں عملی تبدیلی لانا ضروری ہے۔
تربیتی سیشنز انعم ملک مینگل اور تنویراحمد نے منعقد کیے، جہاں بلوچستان کے مختلف علاقوں سے آئے نوجوان کلائمیٹ لیڈرز کو اپنے تجربات شیئر کرنے اور مقامی سطح پر موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کا موقع بھی ملا۔
Pakistan Trains 50 Young Climate Leaders to Turn Climate Awareness into Practical



