Facebook YouTube TikTok WhatsApp
کاروبار

پاکستان کی ہمالیائی گلابی نمک کی برآمدات میں ویلیو ایڈیشن سے اربوں ڈالر کا موقع

✍️ Nazrban Balochistan 📅 19 Aug 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

پاکستان کے پاس دنیا کے بڑے نمک ذخائر موجود ہیں، مگر خام نمک کی برآمد کے باعث عالمی مارکیٹ کی اصل قدر کا معمولی حصہ حاصل ہو رہا ہے

ہمالیائی گلابی نمک کی عالمی مارکیٹ میں پاکستان کا منفرد مقام

پاکستان کے پاس دنیا کے دوسرے بڑے نمک ذخائر موجود ہیں جبکہ ہمالیائی گلابی نمک کے تجارتی ذخائر کے حوالے سے پاکستان کو منفرد مقام حاصل ہے۔ عالمی مارکیٹ میں ہمالیائی گلابی نمک کی مالیت کا تخمینہ 500 ملین سے 1.2 ارب ڈالر تک لگایا گیا ہے، جس میں غذائی، صحت و فلاح، آرائشی اور دیگر صارف مصنوعات شامل ہیں۔

پاکستان میں کھیوڑہ کی کان ہمالیائی گلابی نمک کا اہم ذریعہ ہے، جہاں ایک ارب ٹن سے زائد نمک کے ذخائر موجود ہیں۔ تاہم وسیع ذخائر کے باوجود پاکستان کی نمک سے مجموعی برآمدی آمدنی 2024 میں صرف 76.7 ملین ڈالر رہی، جو عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔

Pakistan can significantly increase salt export earnings through value addition and branding.

خام نمک کی برآمد سے پاکستان کو محدود آمدنی

رپورٹ کے مطابق پاکستان زیادہ تر نمک خام شکل میں برآمد کرتا ہے، جس کی قیمت تقریباً 15 سے 30 سینٹ فی کلوگرام رہتی ہے۔ بیرون ملک اسی نمک کو صفائی، پراسیسنگ، پیکیجنگ اور برانڈنگ کے بعد 8 سے 15 ڈالر فی کلوگرام تک فروخت کیا جاتا ہے۔

اس صورتحال سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کے لیے اصل موقع نمک کی پیداوار بڑھانے کے بجائے موجودہ پیداوار میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے زیادہ آمدنی حاصل کرنا ہے۔

امریکا اور خلیجی ممالک اہم خریدار

2024 میں امریکا پاکستان سے نمک خریدنے والا سب سے بڑا ملک رہا، جہاں پاکستان سے تقریباً 15.4 ملین ڈالر مالیت کا نمک درآمد کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات 13 ملین ڈالر کی درآمدات کے ساتھ دوسرے بڑے خریداروں میں شامل رہا۔

چین، برطانیہ اور افغانستان بھی پاکستانی نمک کے نمایاں خریداروں میں شامل ہیں۔ 2025 کی پہلی سہ ماہی میں چین کو پاکستانی نمک کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا اور اس عرصے میں تقریباً 13,640 ٹن نمک چین بھیجا گیا۔

ویلیو ایڈیشن اور برانڈنگ سے برآمدات بڑھانے کی ضرورت

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو خام نمک کی برآمد کے بجائے اسے جدید طریقوں سے پراسیس، پیک اور برانڈ کرکے عالمی مارکیٹ میں پیش کرنا چاہیے۔ نمک سے تیار ہونے والی ٹیبل سالٹ، اسپاء اور مساج مصنوعات، سالٹ لیمپس، آرائشی اشیا، نمک کی ٹائلز اور دیگر ویلیو ایڈڈ مصنوعات عالمی مارکیٹ میں زیادہ قیمت حاصل کرسکتی ہیں۔

پاکستان کے لیے چین، جاپان اور جنوبی کوریا جیسے علاقائی بازار بھی اہم مواقع فراہم کرتے ہیں، جہاں صحت، فلاح و بہبود، قدرتی مصنوعات اور اسپا مصنوعات کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔

پاکستانی برانڈ اور جی آئی ٹیگ پر توجہ دینے کی تجویز

رپورٹ میں پاکستان کو ہمالیائی گلابی نمک کی عالمی مارکیٹ میں اپنی قدر بڑھانے کے لیے بہتر انفراسٹرکچر، پاکستانی برانڈ کی تشکیل، جغرافیائی شناخت (GI) ٹیگ کے حصول، اعلیٰ قدر والی مصنوعات کی تیاری اور مصنوعات کے معیار و مسابقت میں بہتری پر فوری توجہ دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگر پاکستان خام نمک کی برآمد کے بجائے ویلیو ایڈڈ اور پریمیم مصنوعات کی عالمی مارکیٹ میں اپنی جگہ مضبوط کرتا ہے تو ملک نمک کے وسیع ذخائر سے کہیں زیادہ برآمدی آمدنی حاصل کرسکتا ہے۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں