وفاقی حکومت نے 23 جولائی سے پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا۔
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 23 جولائی 2026 سے کر دیا گیا ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 327 روپے 12 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 375 روپے 4 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق قیمتوں میں رد و بدل عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ وزارتِ پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق 23 جولائی سے نافذ العمل ہوگا۔
واضح رہے کہ حکومت نے حال ہی میں بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) بین الاقوامی رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں کا تعین کرے گی۔



