کوئٹہ میں عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے، شہر کے مختلف علاقوں سے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔
کوئٹہ میں عاشقانِ رسول ﷺ کے جلوس
کوئٹہ میں عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر شہر کے مختلف علاقوں سے عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد میں جلوس نکالے گئے۔ بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں سمیت شہریوں نے بھرپور شرکت کی اور نبی کریم ﷺ سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا۔
جلوسوں میں شامل گاڑیوں اور راستوں کو سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا، جبکہ فضا درود و سلام اور نعتوں سے گونجتی رہی۔ مختلف مقامات پر شرکاء کے لیے کھانے پینے کی سبیلیں بھی قائم کی گئیں۔ Eid Milad-un-Nabi was celebrated in Quetta with religious devotion and unity.
ہزارہ ٹاؤن سے عظیم الشان ریلی
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن، کرانی روڈ سے بھی ایک عظیم الشان ریلی برآمد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے لبیک یا رسول اللہ ﷺ کے نعرے بلند کیے۔ ہزارہ عمائدین نے ریلی کا پرتپاک استقبال کیا اور شرکاء کو پھولوں کے ہار پہنائے، جبکہ جوس، کولڈ ڈرنکس اور کیک بھی پیش کیے گئے۔
شیعہ سنی اتحاد وقت کی اہم ضرورت قرار
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ ہمیں محبت، بھائی چارے اور امن کا درس دیتا ہے۔ حضور اکرم ﷺ کی ذاتِ مبارکہ تمام جہانوں کے لیے رحمت ہے۔
مقررین نے کہا کہ موجودہ حالات میں شیعہ سنی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے اور باہمی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے معاشرے میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
200 پاؤنڈ کا کیک بھی کاٹا گیا
عید میلاد النبی ﷺ کی خوشی میں کوئٹہ میں 200 پاؤنڈ کا کیک بھی کاٹا گیا، جس میں شہریوں اور عاشقانِ رسول ﷺ نے بھرپور شرکت کی۔
ریلی کرانی روڈ سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے ہوتی ہوئی مرکزی جلوس میں شامل ہوئی۔ مرکزی جلوس میزان چوک سے ہوتا ہوا منان چوک پر اختتام پذیر ہوگیا۔



