Facebook YouTube TikTok WhatsApp
کوئٹہ

کوئٹہ میں ملاوٹی دودھ کے خلاف کریک ڈاؤن، 2 ہزار 120 لیٹر دودھ تلف

✍️ Nazrban Balochistan 📅 17 Sep 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹی اور غیر معیاری دودھ کے خلاف کریک ڈاؤن دوسرے روز بھی جاری رہا، کارروائی کے دوران 2 ہزار 120 لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کردیا گیا۔

مختلف علاقوں میں دودھ کی سپلائی کی چیکنگ

صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ رئیسانی روڈ، ملحقہ علاقوں اور نواں کلی بائی پاس میں دودھ کی دکانوں، ملک سپلائرز، دودھ بردار گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور مشتبہ مقامات کی چیکنگ کی گئی۔خصوصی مہم کے دوران موبائل لیبارٹریز کے ذریعے 11 ہزار 590 لیٹر دودھ کی جانچ کی گئی، جس میں ملاوٹ ثابت ہونے پر 2 ہزار 120 لیٹر دودھ تلف کردیا گیا۔

16 فوڈ بزنس یونٹس کو جرمانے

کارروائی کے دوران 16 فوڈ بزنس یونٹس کو جرمانے کیے گئے جبکہ ایک مقام سیل کردیا گیا۔ مجموعی طور پر 50 سے زائد مراکز، دودھ سپلائی کرنے والی گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، رکشوں اور دیگر ذرائع نقل و حمل کی اسنیپ چیکنگ بھی کی گئی۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے دودھ میں پانی کی ملاوٹ اور اسکمڈ ملک کی نشاندہی کی، جبکہ غیر معیاری اور ملاوٹی دودھ کو موقع پر ہی تلف کردیا گیا۔

ملاوٹی دودھ کی فروخت برداشت نہیں کی جائے گی

ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان نے کہا کہ ملاوٹی اور غیر معیاری دودھ کی فروخت اور سپلائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ملاوٹ سے پاک اور محفوظ دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فیلڈ آپریشنز مزید مؤثر بنائے جا رہے ہیں۔ موبائل لیبارٹریز کے ذریعے موقع پر فوری ٹیسٹنگ سے ملاوٹ کی نشاندہی اور کارروائی کا عمل تیز کیا جا رہا ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے فوڈ بزنس آپریٹرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں
↑