وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سمیت اعلیٰ حکام، سیاسی و سماجی شخصیات، نوجوانوں، خواتین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی شرکت
گوادر میں جشنِ آزادی کی رنگا رنگ تقریب کا انعقاد
گوادر: جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں گوادر میں پروقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں ملی نغموں اور ثقافتی پرفارمنسز نے سماں باندھ دیا۔
تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کمانڈر 12 کور، جی او سی گوادر، ڈی جی پی سی جی، اعلیٰ حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات، گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان، کاروباری و تاجر برادری، ماہی گیر برادری، مذہبی شخصیات، ماہرینِ تعلیم، میڈیا نمائندگان، خواتین، نوجوانوں، سول سوسائٹی، غیر سرکاری تنظیموں اور بلدیاتی نمائندوں کی شرکت نے قومی یکجہتی اور اجتماعی ہم آہنگی کی عکاسی کی۔
Gwadar’s Independence Day celebration highlighted national unity, cultural heritage, and community participation.
تلاوتِ کلامِ پاک کے بعد پرچم کشائی
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پرچم کشائی کی گئی۔ شرکاء نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی اور وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملی نغموں اور بلوچی ثقافتی پرفارمنسز نے سماں باندھ دیا
جشنِ آزادی کی مناسبت سے معروف گلوکاروں اور مقامی فنکاروں نے ملی، قومی اور بلوچی ثقافتی نغمے پیش کیے۔ گوادر آرٹس اکیڈمی کے فنکاروں نے خصوصی ٹیبلو پیش کیا، جبکہ ثقافتی گروپ کی جانب سے روایتی لیوا رقص بھی پیش کیا گیا۔
طلبہ کی خصوصی پرفارمنس کو شرکاء نے بھرپور سراہا، جبکہ ثقافتی سرگرمیوں نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔
قائداعظم سے متعلق خصوصی ویڈیو اور دستاویزی فلم کی نمائش
تقریب کے دوران قائداعظم محمد علی جناح سے متعلق خصوصی ویڈیو اور قومی موضوعات پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جن کے ذریعے تحریکِ پاکستان، قومی یکجہتی، امید اور وطن سے وابستگی کے پیغام کو اجاگر کیا گیا۔
نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات میں انعامات تقسیم
اس موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کی حوصلہ افزائی کی گئی اور ان میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
تقریب سے معزز مہمانوں نے خطاب کرتے ہوئے اتحاد، امن، ترقی، قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کی اہمیت کو اجاگر کیا، جبکہ بلوچستان بالخصوص گوادر کے نوجوانوں، مقامی ثقافت اور عوامی شرکت کو سراہا۔



