وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے اجلاس میں سرمایہ کاروں کو شفاف اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کی ہدایت کی
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ (بی بی او آئی ٹی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقی و منصوبہ بندی) زاہد سلیم، وائس چیئرمین بی بی او آئی ٹی بلال خان کاکڑ، چیف ایگزیکٹو آفیسر قائم خان لشاری، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بورڈ کے مختلف ایجنڈوں پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ بورڈ آف گورنرز نے متعدد مالی اور انتظامی امور کی منظوری بھی دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل، اہم جغرافیائی محلِ وقوع اور وسیع معاشی امکانات کے باعث بے پناہ ترقی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ حکومت ان تمام وسائل کو بروئے کار لا کر سرمایہ کاری، صنعت اور تجارت کے فروغ کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ساتھ سرمایہ کاروں کو شفاف، سازگار اور کاروبار دوست ماحول فراہم کریں۔
وزیراعلیٰ نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کو ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان بنایا جائے اور نجی شعبے کے اعتماد کو مضبوط کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار معاشی ترقی کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔



