حب میں بلدیہ پبلک لائبریری جدید سہولیات سے آراستہ، خضدار میں نئی سڑک مکمل، قلات سبزی منڈی کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ
حب: بلدیہ پبلک لائبریری طلبہ کے لیے جدید تعلیمی مرکز بن گئی
بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) فیز ٹو کے تحت بلدیہ پبلک لائبریری حب کو جدید تعلیمی سہولیات سے آراستہ کر دیا گیا ہے، جو طلبہ کے لیے مطالعے، علمی سرگرمیوں اور مقابلے کے امتحانات کی تیاری کا اہم مرکز بن چکی ہے۔
لائبریری میں کشادہ ہال قائم کیا گیا ہے، جہاں بیک وقت 100 سے زائد طلبہ کے مطالعے کی گنجائش موجود ہے۔ مختلف تعلیمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان یہاں نصابی کتب کے مطالعے اور مقابلے کے امتحانات کی تیاری میں مصروف رہتے ہیں۔
طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے لائبریری کو مکمل طور پر سولرائز کیا گیا ہے، جبکہ ایئر کنڈیشننگ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
خضدار: سونیجی کوشک میں نئی سڑک مکمل، آمد و رفت میں آسانی کی توقع
بی ایس ڈی آئی کے تحت خضدار کے علاقے سونیجی کوشک میں نئی سڑک کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے، جو نال روڈ کو لنک کرتی ہے۔ بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے منصوبے کا افتتاح کیا۔ ان کی تجویز پر مکمل ہونے والے اس منصوبے سے علاقے کے مکینوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔
ماضی میں سڑک کی خستہ حالی اور سیوریج کے ناقص نظام کے باعث شہریوں، تاجروں اور ٹریفک کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا تھا۔ نئی سڑک سے سفر میں آسانی، ٹریفک کی روانی میں بہتری اور مقامی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
افتتاحی تقریب میں ضلعی انتظامیہ اور تاجروں کی شرکت
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی، انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمید اللہ مینگل، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران اور معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔
اس موقع پر میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ خضدار کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی جا رہی ہے اور عوامی مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر خضدار نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہر کی ترقی، خوبصورتی اور عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انجمن تاجران خضدار کے صدر نے سڑک کی تعمیر کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے مقامی تاجروں اور رہائشیوں کو درپیش مشکلات میں کمی آئے گی۔
قلات: سبزی منڈی میں ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ، کام تیز کرنے کی ہدایت
قلات: بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت قلات کی سبزی منڈی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں واٹر سپلائی بور، ٹف ٹائلنگ اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب سمیت منظور شدہ اسکیموں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شاہنواز بلوچ، چیئرمین میونسپل کمیٹی نوابزادہ شعیب جان زہری، متعلقہ محکموں کے افسران اور سبزی و فروٹ فروشوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
دکانوں اور شیڈز کو فعال بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل
اجلاس میں ترقیاتی کاموں کے معیار اور بروقت تکمیل کے ساتھ تاجروں کو الاٹ کردہ دکانوں اور شیڈز میں منتقل کرنے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی، جو ایک ہفتے کے اندر سروے مکمل کرکے اپنی تجاویز پیش کرے گی۔ کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں باقی دکانوں کو فعال بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری اور چیئرمین میونسپل کمیٹی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منظور شدہ اسکیموں پر کام تیز کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
بی ایس ڈی آئی کے تحت عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے کوششیں جاری
حب، خضدار اور قلات میں جاری اور مکمل ہونے والے یہ منصوبے تعلیم، سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے، تجارتی سرگرمیوں اور شہری سہولیات میں بہتری لانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، مقامی مسائل کے حل اور ترقیاتی عمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
Balochistan Special Development Initiative Advances Library, Road and Market Development Projects in Hub, Khuzdar and Qalat



