Facebook YouTube TikTok WhatsApp
تعلیم

بلوچستان میں شرحِ خواندگی میں 7 فیصد اضافہ، 7 لاکھ 68 ہزار بچے دوبارہ اسکولوں میں داخل: گورنر

✍️ Nazrban Balochistan 📅 07 Aug 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے محکمہ تعلیم کی کارکردگی کو قابلِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی مجموعی شرحِ خواندگی میں 7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ 7 لاکھ 68 ہزار بچوں کو دوبارہ اسکولوں میں لایا گیا ہے۔

صوبے میں 10 دانش اسکولوں کا قیام تعلیمی انقلاب لائے گا

کوئٹہ میں حکومت بلوچستان، ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اسکولز اور یونیسف کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے تعلیمی پروگرام کے تحت صوبے بھر میں 10 دانش اسکولوں کا قیام تعلیمی انقلاب برپا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ دانش اسکولوں کے قیام سے بڑے پیمانے پر معیاری تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کی راہ ہموار ہوگی۔

Balochistan education reforms aim to expand quality learning and modern skills opportunities.

ہیلتھ کیئر اسکلز ٹریننگ کے ٹاپ ٹین لرنرز کے لیے انعام کا اعلان

گورنر بلوچستان نے ہیلتھ کیئر اسکلز ٹریننگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ٹاپ ٹین لرنرز کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ہر لرنر کے لیے 50،50 ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔

انہوں نے ہیلتھ کیئر اسکلز ٹریننگ میں نمایاں کارکردگی پر یونیسف، محکمہ تعلیم اور بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

گورنر نے کہا کہ اسکلز ڈیولپمنٹ وقت کی اہم ترین ضرورت بن چکی ہے۔ بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کی جانب سے ہیلتھ اور میڈیکل کے شعبوں میں مختلف ڈپلومہ پروگرامز کا اجرا خوش آئند ہے، جن کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

کچ روڈ کے قریب ایک ہزار بستروں کا جدید اسپتال بنانے کی خواہش

جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ان کی خواہش اور بھرپور کوشش ہے کہ کوئٹہ شہر کے مضافات میں کچ روڈ کے قریب ایک ہزار بستروں پر مشتمل جدید اسپتال اور ایک ٹیکنیکل یونیورسٹی قائم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ ٹیکنیکل یونیورسٹی میں نوجوانوں کو ہیلتھ کیئر، انجینئرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر جدید شعبوں میں عالمی معیار کی مہارتیں فراہم کی جائیں گی۔

گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ اسکلز ڈیولپمنٹ کو تعلیمی نصاب کا باقاعدہ حصہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل عملی صلاحیتوں اور جدید مہارتوں سے آراستہ ہو کر ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکے۔

ٹاپ ٹین لرنرز میں سرٹیفکیٹس اور منتظمین میں شیلڈز تقسیم

تقریب سے صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی اور وائس چانسلر بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر شبیر لہڑی نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں میر عاصم کرد گیلو، رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، پارلیمانی سیکرٹری برکت رند، رکن صوبائی اسمبلی کلثوم نیاز، سیکرٹری تعلیم لال جان جعفر، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی سمیت یونیسف کے نمائندگان اور دیگر حکام موجود تھے۔

قبل ازیں گورنر بلوچستان نے ہیلتھ کیئر اسکلز ٹریننگ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ٹاپ ٹین لرنرز میں سرٹیفکیٹس جبکہ منتظمین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں