Facebook YouTube TikTok WhatsApp
GOB

بلوچستان میں کان کنوں کی حفاظت کیلئے مائنز ریسکیو نظام مؤثر بنانے کی ہدایت

✍️ Nazrban Balochistan 📅 19 Aug 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی کا حادثات کی صورت میں فوری امداد یقینی بنانے، مائنز اسپتال فعال رکھنے اور ایمبولینسز ہمہ وقت تیار رکھنے کا حکم

کان کنوں کے مسائل اور مطالبات پر اہم اجلاس

کوئٹہ: صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی نے کسی بھی اچانک حادثے یا ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مائنز ریسکیو نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے یہ ہدایات پاکستان مائنز لیبر فیڈریشن کے وفد سے ملاقات کے دوران جاری کیں، جس میں بلوچستان بھر کے کان کنوں کو درپیش مسائل، تحفظات اور مختلف مطالبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Balochistan moves to strengthen mine rescue and worker safety systems.

وفد نے صوبائی وزیر کو کان کنوں کو درپیش مشکلات، فلاح و بہبود، طبی سہولیات، حفاظتی اقدامات اور دیگر بنیادی مسائل سے آگاہ کیا۔ میر شعیب نوشیروانی نے یقین دہانی کرائی کہ کان کنوں کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں محکمہ معدنیات اور محکمہ خزانہ کے متعلقہ حکام کے تعاون سے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

مائنز اسپتالوں میں طبی عملے کی غیرحاضری پر برہمی

صوبائی وزیر نے کچھی اور دیگر اضلاع میں قائم مائنز اسپتالوں سے طبی عملے کی غیرحاضری پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور محکمہ معدنیات کو تمام مائنز اسپتال مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اسپتالوں اور طبی عملے کی روزانہ حاضری رپورٹ باقاعدگی سے صوبائی وزیر کے دفتر بھجوانے کے احکامات بھی جاری کیے۔

میر شعیب نوشیروانی نے ہدایت کی کہ تمام ایمبولینسز ہمہ وقت فعال اور کانوں کے قریب موجود رہیں تاکہ کسی بھی حادثے یا ہنگامی صورتحال میں زخمی کان کنوں کو فوری طبی امداد اور بروقت ریسکیو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

جدید تربیت یافتہ ریسکیو اہلکار بھرتی کرنے کا فیصلہ

صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ کان کنوں کی فلاح، صحت اور حفاظتی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ حکام ان اقدامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنائیں۔

اجلاس میں مائنز ویلفیئر فنڈ کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت ہوئی۔ محکمہ خزانہ سے مشاورت کے بعد ورکرز ویلفیئر فنڈ کے گرانٹس اور فنڈز کے اجرا سے متعلق جامع سمری تیار کرکے منظوری کے لیے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔

کان حادثات سے نمٹنے کیلئے جدید تربیت پر زور

میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ کانوں میں پھنسے یا زخمی کان کنوں کو محفوظ اور فوری طور پر نکالنے کے لیے مزید ماہر اور جدید تربیت یافتہ ریسکیو اہلکار کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتی کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے انہیں ملک کے اعلیٰ اور معیاری تربیتی اداروں میں سائنسی اور جدید خطوط پر اعلیٰ سطح کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ کان حادثات کی صورت میں قیمتی انسانی جانوں کو بروقت بچایا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کان کنوں کے حقوق، فلاح و بہبود اور جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جبکہ مائنز سیکٹر میں حفاظتی اور فلاحی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں