دکی میں آپریشن تھیٹر کی بحالی اور طبی سہولیات کی فراہمی جاری، خاران کی مختلف کلیوں میں اسٹریٹ لائٹس سے شہریوں کو رات کے اوقات میں آمد و رفت میں سہولت
دکی/خاران، 25 ستمبر: بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت دکی اور خاران میں عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، دکی کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں آپریشن تھیٹر کی بحالی جبکہ خاران کی مختلف کلیوں میں مین روڈز پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے۔
دکی: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی سہولیات کی بہتری
بی ایس ڈی آئی کے تحت دکی کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں آپریشن تھیٹر کی بحالی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ منصوبے کی تکمیل سے ہسپتال آنے والے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔
اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر دکی فضل الرحمن کبدانی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور آپریشن تھیٹر میں جاری تعمیراتی کام اور فراہم کردہ مشینری کا معائنہ کیا۔
متعلقہ حکام نے ڈپٹی کمشنر کو تعمیراتی کام اور مشینری کی تنصیب سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ باقی ماندہ تعمیراتی کام اور مشینری کی تنصیب جلد مکمل کی جائے، جبکہ تعمیراتی کام کے معیار اور منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت منظور شدہ پارکنگ شیڈ کے لیے مختص مختلف مقامات کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو موقع کی مناسبت سے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔
خاران: مختلف کلیوں میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب
دوسری جانب خاران کے مختلف علاقوں میں بھی بی ایس ڈی آئی کے تحت بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
نوروز قلات، سراوان اور قادر آباد سمیت مختلف کلیوں میں مین روڈز پر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب مکمل کرلی گئی ہے، جس کے بعد اہم شاہراہیں رات کے اوقات میں روشن رہتی ہیں۔
اسٹریٹ لائٹس کی سہولت سے شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی میسر آرہی ہے جبکہ گھروں سے مساجد تک جانے والے افراد، خصوصاً عشاء اور فجر کی نماز کے اوقات میں، اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔
شہریوں کے لیے محفوظ اور روشن ماحول
علاقہ مکینوں کے مطابق طویل عرصے سے اندھیرے کا سامنا کرنے والی آبادیوں میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب روزمرہ زندگی میں اہم سہولت ہے۔
مقامی سطح پر توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ سڑکوں پر مناسب روشنی سے رات کے اوقات میں حادثات اور اسٹریٹ کرائم کے خدشات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری اور مکمل ہونے والے منصوبوں کا مقصد شہریوں کو صحت، بنیادی سہولیات اور بہتر ماحول کی فراہمی کے ساتھ دور دراز علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
Balochistan Special Development Initiative (BSDI) improves healthcare facilities at Duki DHQ Hospital and installs streetlights in Kharan to enhance public services and road safety.



