بلوچستان حکومت نے عوام اور حکومت کے درمیان مؤثر رابطے کے لیے “خوشحال و محفوظ بلوچستان” ایپ متعارف کرا دی۔ شہری تصاویر کے ذریعے مسائل، شکایات اور تجاویز ارسال کر سکیں گے، جبکہ وزیراعلیٰ خود ان کی نگرانی کریں گے۔
کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان نے عوام اور حکومت کے درمیان مؤثر رابطے کے لیے صوبے کی پہلی سوشل میڈیا اور عوامی رابطہ موبائل ایپ “خوشحال و محفوظ بلوچستان” متعارف کرا دی ہے۔
اس ایپ کے ذریعے شہری اپنی آواز، رائے، تصاویر، یادیں اور دیگر سوشل میڈیا سرگرمیاں شیئر کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے علاقے کے مسائل، تجاویز اور شکایات بھی براہِ راست متعلقہ سرکاری محکموں تک چند کلکس میں پہنچا سکیں گے۔ صارفین اپنی شکایات پر ہونے والی پیش رفت کو بھی ایپ کے ذریعے ٹریک کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ “خوشحال و محفوظ بلوچستان” صرف ایک موبائل ایپ نہیں بلکہ عوام اور حکومت کے درمیان جدید ڈیجیٹل رابطے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنے علاقے میں موجود کسی بھی مسئلے کی تصویر یا ویڈیو بنا کر ایپ پر اپ لوڈ کریں، جس کے بعد متعلقہ محکمہ کارروائی کرے گا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ وہ خود اس ایپ کے ذریعے موصول ہونے والے عوامی مسائل اور شکایات کی نگرانی کریں گے تاکہ ان کے بروقت حل کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج ہی “خوشحال و محفوظ بلوچستان” ایپ اپنے موبائل فون میں انسٹال کریں، اپنی آراء، یادیں اور سماجی سرگرمیاں شیئر کریں اور بلوچستان کی نئی ڈیجیٹل کمیونٹی کا حصہ بنیں۔



