سیلز ٹیکس رولز میں ترمیم، رجسٹرڈ کاروباری مراکز کیلئے مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب لازمی
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے رجسٹرڈ کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے تحت رجسٹرڈ کاروباری مراکز میں پروڈکشن مانیٹرنگ، ویڈیو سرویلنس یا ڈیجیٹل آئی سسٹم نصب کرنا لازم ہوگا۔
مانیٹرنگ سسٹم نہ لگانے پر کاروبار سیل ہوسکتا ہے
نوٹیفکیشن کے مطابق ایف بی آر کے مانیٹرنگ سسٹم سے منسلک نہ ہونے والے کاروباری مراکز کے خلاف کارروائی کی جاسکے گی، جبکہ ضرورت پڑنے پر کاروبار سیل کرنے کیلئے پولیس کی مدد بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر یا اس سے اوپر کا افسر تحریری رپورٹ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو پیش کرے گا، جس کے بعد کمشنر انکوائری کرکے رپورٹ چیف کمشنر کو بھجوائے گا۔ چیف کمشنر کاروباری مرکز کو سیل کرنے یا نہ کرنے کا تحریری حکم جاری کرے گا۔
مانیٹرنگ سسٹم نصب ہونے تک کاروبار سیل رہے گا
ایف بی آر کے مطابق کاروباری مقام کو مکمل طور پر یا اس کے کسی مخصوص حصے کو سیل کیا جاسکے گا، جبکہ سیل کرنے سے قبل کاروباری شخص کو حکم کی کاپی فراہم کی جائے گی۔
سیل شدہ کاروبار اس وقت تک نہیں کھولا جائے گا جب تک مانیٹرنگ سسٹم ایف بی آر سے منسلک نہ ہوجائے۔ کاروبار کھلوانے کیلئے جرمانہ ادا کرنے کے ساتھ مطلوبہ مانیٹرنگ سسٹم بھی نصب کرنا ہوگا۔
ایف بی آر ٹیکنیکل ٹیم سسٹم کی تنصیب کی نگرانی کرے گی
نوٹیفکیشن کے مطابق مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کے وقت ایف بی آر کی ٹیکنیکل ٹیم موجود ہوگی، جبکہ سسٹم نصب ہونے کے بعد کمشنر 3 دن کے اندر سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔
ایف بی آر کے مطابق الیکٹرانک مانیٹرنگ سے متعلق قواعد کا دائرہ کار مستقبل میں مزید کاروباری مراکز اور مینوفیکچررز تک بھی بڑھایا جاسکتا ہے۔
FBR decides to seal businesses not connected to its monitoring system under amended sales tax rules



