Facebook YouTube TikTok WhatsApp
GOB

بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں 19 افسران کی میرٹ پر تعیناتی کا عمل مکمل

✍️ Nazrban Balochistan 📅 25 Aug 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

ایچ ای سی کے ذریعے منتخب افسران کو تعیناتی کے لیٹرز جاری، وزیراعلیٰ کا میرٹ پر سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ

19 افسران کی میرٹ پر تعیناتی

کوئٹہ: بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں ایچ ای سی کے ذریعے 19 افسران کی میرٹ پر تعیناتی کا عمل مکمل کرلیا گیا، جبکہ نومنتخب افسران کو تعیناتی کے لیٹرز بھی حوالے کردیئے گئے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھرتی کے پورے عمل میں سو فیصد میرٹ یقینی بنایا گیا، حتیٰ کہ ان کے اپنے ضلع ڈیرہ بگٹی سے بھی کوئی امیدوار کامیاب نہیں ہوسکا۔

میرٹ پر سمجھوتہ نہیں ہوگا

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام سے روزِ اول وعدہ کیا تھا کہ کوئی نوکری نہیں بکے گی اور میرٹ پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے محکمہ تعلیم میں 14 ہزار 500 سے زائد اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیوں کا بھی حوالہ دیا۔

وزیراعلیٰ نے نومنتخب افسران کو محنت، لگن اور ریاست سے غیر مشروط اخلاص کے ساتھ فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔

ریونیو اتھارٹی سے معاشی مستقبل کی امیدیں

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان ریونیو اتھارٹی سے صوبے کے معاشی مستقبل کی بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ صوبے کے وسائل کا بڑا حصہ غیر ترقیاتی اخراجات پر خرچ ہوتا ہے، اس لیے ریونیو اتھارٹی کو مزید وسائل پیدا کرنا ہوں گے تاکہ عوامی بہبود کے لیے زیادہ فنڈز دستیاب ہوسکیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے ہر سطح پر میرٹوکریسی کو فروغ دینا ضروری ہے، جبکہ نومنتخب افسران آئندہ مالی سال کے اہداف میں نمایاں بہتری لاکر اپنی صلاحیت ثابت کریں۔

میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان ریونیو اتھارٹی کو صوبے کا مثالی ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے میرٹ پر منتخب ہونے والی باصلاحیت خواتین افسران کو بھی مبارکباد دی۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں