وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ورلڈ فوڈ پروگرام پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش کی ملاقات
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ورلڈ فوڈ پروگرام پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش نے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں غذائی قلت کے خاتمے، غذائی تحفظ، بہتر غذائیت اور جاری پروگرامز کو وسعت دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
غذائی قلت کے تدارک کیلئے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں: وزیراعلیٰ
ملاقات کے دوران بلوچستان میں ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں اور مستقبل کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں غذائی قلت ایک سنگین مسئلہ ہے، جس کے تدارک کیلئے مربوط اور مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے مشترکہ اقدامات صوبے میں غذائی قلت کے خاتمے کیلئے نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔
بچوں اور خواتین کی غذائیت پر خصوصی توجہ
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بچوں اور خواتین کو مناسب اور معیاری غذائیت کی فراہمی صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے جاری منصوبوں کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان غذائی تحفظ اور انسانی ترقی کے شعبوں میں عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مؤثر بنائے گی۔
Balochistan government and World Food Programme agree to strengthen cooperation to combat malnutrition and improve food security



