کچلاک سے سریاب تک 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن مکمل، 7 اسٹیشن روٹ میں شامل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا ٹرین سروس جلد عوام کے لیے کھولنے کا اعلان
کوئٹہ: بلوچستان کی پہلی ماس ٹرانزٹ ٹرین سروس جناح پیپلز ٹرین عوام کی خدمت کے لیے تیار ہوگئی ہے۔ کچلاک سے سریاب تک 32 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن کا کام صرف 120 روز میں مکمل کرلیا گیا ہے، جبکہ منصوبے پر 3 ارب روپے لاگت آئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جناح پیپلز ٹرین منصوبے کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ٹرین سروس جلد عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔
7 اسٹیشن جناح پیپلز ٹرین روٹ کا حصہ
جناح پیپلز ٹرین سروس کے لیے کچلاک سے سریاب تک ریلوے روٹ پر 7 اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں کچلاک، بلیلی، شیخ ماندا، جی او آر، کوئٹہ، لور کاریز اور سریاب شامل ہیں۔
منصوبے کے تحت ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن مکمل ہونے سے کوئٹہ اور گردونواح کے شہریوں کو روزمرہ سفر کے لیے جدید، محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ سفری سہولت میسر آئے گی۔
طلبہ، ملازمین اور شہریوں کو سفری سہولت
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جناح پیپلز ٹرین سروس سے طلبہ، ملازمین، کاروباری افراد اور عام شہریوں کو روزمرہ سفر میں نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جناح پیپلز ٹرین عوام کو جدید اور باوقار سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے شہریوں کے وقت اور سفری اخراجات میں کمی آئے گی۔
عوامی سہولیات کے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی ترجیح
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عوامی سہولیات کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچانے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جناح پیپلز ٹرین سروس کوئٹہ اور گردونواح کے عوام کے لیے سفری سہولیات میں نمایاں بہتری لائے گی اور شہریوں کو روزمرہ آمدورفت کے لیے ایک محفوظ، آرام دہ اور کم خرچ متبادل فراہم کرے گی۔
Balochistan’s first mass transit Jinnah Peoples Train is ready for public service, with a 32-km upgraded railway track, seven stations, and a Rs3 billion project to improve affordable and safe transport in Quetta.



