بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (بیف) کے وفد نے ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے لیے جاری تعلیمی و ہنرمندی پروگرام کا جائزہ لیا اور تربیتی ادارے کا دورہ کیا۔
سی ای او بیف خالد ماندائی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے تحت بلاامتیاز معیاری تعلیم،
ہنر اور مساوی تعلیمی مواقع کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے تعلیم دوست وژن کے تحت بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (بیف) ٹرانسجینڈر کمیونٹی کے لیے جاری تعلیمی اور ہنرمندی پروگرام پر کامیابی سے عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں بیف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر میر وائس خان اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن سمیع اللہ خان کے ہمراہ تربیتی ادارے کا دورہ کیا، جہاں ایس ایس پی ای سی (SSPEC) کے ڈائریکٹر عرفان اعوان نے وفد کو پروگرام کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
وفد نے مختلف تربیتی شعبوں کا معائنہ کیا اور زیرِ تربیت طلبہ سے ملاقات کر کے انہیں فراہم کی جانے والی تعلیمی اور فنی تربیت کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر سی ای او بیف خالد ماندائی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے تعلیم دوست وژن کے مطابق بیف معاشرے کے تمام طبقات کو معیاری تعلیم، ہنر اور مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ بلاامتیاز معاشرے میں یکساں تعلیمی مواقع اور حصولِ علم کو فروغ دینے کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ٹرانسجینڈر کمیونٹی سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو تعلیم اور ہنرمندی کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے ایسے پروگراموں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔



