رمضان میں ٹریفک حادثے کے باعث بینائی متاثر ہوئی، متعدد سرجریز کے بعد دوبارہ دیکھنے کے قابل ہوگیا، حسن شہریار یاسین
پاکستانی فیشن انڈسٹری کے معروف ڈیزائنر اور اداکار حسن شہریار یاسین المعروف ایچ ایس وائی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں تقریباً ایک سال تک دونوں آنکھوں کی بینائی سے محروم رہے، تاہم متعدد سرجریز اور علاج کے بعد ان کی بینائی واپس آگئی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ایچ ایس وائی نے بتایا کہ بینائی سے محرومی کا تجربہ ان کے لیے شدید ذہنی دباؤ کا باعث بنا اور اس نے زندگی کو دیکھنے اور محسوس کرنے کے ان کے انداز کو بدل دیا۔
رمضان میں حادثہ کیسے پیش آیا؟
ایچ ایس وائی کے مطابق رمضان کے دنوں میں وہ اپنے ایک دوست کے ہمراہ افطاری کا کھانا لینے گئے تھے۔ واپسی پر ان کا دوست گاڑی چلا رہا تھا کہ اذان کے وقت انہوں نے کھانے کا بیگ کھولا تو اس سے نکلنے والی بھاپ کے باعث گاڑی کے اندر دھند چھا گئی۔
انہوں نے بتایا کہ جب تک ان کے دوست نے گاڑی کے شیشے صاف کیے، گاڑی سڑک سے اتر کر کسی چیز سے ٹکرا چکی تھی، جس کے نتیجے میں وہ ونڈ اسکرین سے جا ٹکرائے اور دونوں آنکھوں کی بینائی متاثر ہوگئی۔
بینائی سے محرومی اور زندگی میں تبدیلی
ایچ ایس وائی نے بتایا کہ بینائی ختم ہونے کے بعد انہیں روزمرہ زندگی میں اپنے دیگر حواس پر زیادہ انحصار کرنا پڑا۔
ان کے مطابق اس دوران ان کی سماعت اس قدر حساس ہوگئی تھی کہ وہ چار کمروں کے فاصلے سے اپنی والدہ کے رونے کی آواز بھی ایسے سن لیتے تھے جیسے وہ ان کے بالکل قریب ہوں۔
متعدد سرجریز کے بعد بینائی بحال
معروف فیشن ڈیزائنر نے بتایا کہ تقریباً ایک سال تک بینائی سے محرومی کے بعد انہوں نے علاج کروایا اور ان کی متعدد سرجریز ہوئیں، جس کے نتیجے میں ان کی بینائی واپس آگئی۔\
Pakistani fashion designer HSY reveals he lost his eyesight in both eyes for nearly a year after a road accident and regained his vision following multiple surgeries.



