سابق کرکٹر سلیم یوسف کی صاحبزادی ایمن سلیم کا سیاسی میدان میں قدم، شہید بے نظیر بھٹو کو اپنا آئیڈیل قرار دے دیا
پاکستان کی معروف اداکارہ اور سابق قومی کرکٹر سلیم یوسف کی صاحبزادی ایمن سلیم نے شوبز کے بعد سیاست کے میدان میں بھی قدم رکھ دیا اور پاکستان پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت اختیار کرلی۔
اداکارہ کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے اعلان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں ایک تقریب کے دوران اپنے سیاسی سفر کے آغاز کا اعلان کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
شہید بے نظیر بھٹو بچپن سے میری آئیڈیل رہی ہیں، ایمن سلیم
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایمن سلیم نے سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بچپن ہی سے ان کی شخصیت، سیاسی جدوجہد اور قیادت سے بے حد متاثر رہی ہیں۔
ایمن سلیم کا کہنا تھا کہ “میں بچپن سے ہی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی بہت بڑی مداح رہی ہوں، میرے خیال میں ہر وہ لڑکی بی بی شہید سے متاثر ہے جس نے محترمہ کی زندگی کو دیکھا ہے۔”
اداکارہ کی سیاست میں انٹری، شمولیت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
ایمن سلیم کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے بعد ان کے سیاسی سفر کے آغاز کو سوشل میڈیا پر توجہ مل رہی ہے۔ اداکارہ کی وائرل ویڈیو میں وہ پیپلز پارٹی میں شمولیت کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے محترمہ بے نظیر بھٹو سے اپنی عقیدت کا اظہار کرتی نظر آرہی ہیں۔
معروف اداکارہ کی سیاست میں آمد ان کے پیشہ ورانہ سفر کا ایک نیا مرحلہ ہے، تاہم ان کی آئندہ سیاسی ذمہ داریوں یا پارٹی میں ممکنہ عہدے سے متعلق فی الحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
Pakistani Actress Aymen Saleem Joins Pakistan Peoples Party, Begins Political Career Inspired by Benazir Bhutto



