بلوچستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے صوبے میں سکیورٹی مزید مؤثر بنانے، ترقیاتی منصوبوں میں تیزی اور اداروں کے درمیان رابطہ مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
دفاعی جائزہ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس
کوئٹہ میں 28ویں دفاعی جائزہ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس مکمل ہوگیا، جس کی مشترکہ صدارت وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان نے کی۔ اجلاس میں وفاقی و صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام اور اہم سکیورٹی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ دفاعی جائزہ کمیٹی کا اجلاس ہر تین ہفتے بعد منعقد کیا جا رہا ہے تاکہ سابقہ فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ امن و امان سے متعلق حکمت عملی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔
کوئٹہ سمیت اہم اضلاع میں سیف سٹی منصوبہ بحال کرنے کا فیصلہ
اجلاس میں طویل عرصے سے تاخیر کا شکار سیف سٹی منصوبے کو کوئٹہ سمیت دیگر اہم اور حساس اضلاع میں دوبارہ بحال اور مکمل طور پر فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سیف سٹی منصوبے کی بحالی سے نگرانی کا نظام بہتر بنانے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطہ مضبوط کرنے اور سکیورٹی خطرات کے خلاف فوری کارروائی کی صلاحیت بڑھانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
The Safe City Project aims to improve surveillance and strengthen law enforcement coordination.
انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
دفاعی جائزہ کمیٹی نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے تحفظ اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی کے لیے سیاسی، انتظامی اور سکیورٹی ادارے باہمی تعاون جاری رکھیں گے۔
ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور
اجلاس میں ترقیاتی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار امن کے لیے سکیورٹی کے ساتھ معاشی سرگرمیوں، بنیادی ڈھانچے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کا تسلسل بھی ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہر تین ہفتے بعد ہونے والے جائزہ اجلاسوں کے نتیجے میں صوبے میں امن و استحکام کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے اداروں کو فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد اور سکیورٹی سے متعلق اقدامات کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔



