صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کو یومِ فتح پر تہنیتی پیغامات بھیجے
صدر آصف علی زرداری کا ترکیہ کے یومِ فتح پر تہنیتی پیغام
اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے یومِ فتح کے موقع پر صدر رجب طیب اردوان، ترک حکومت اور برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، مذہبی اور باہمی تعاون کے گہرے رشتوں پر مبنی منفرد اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 30 اگست 1922 کی عظیم فتح ترکیہ کی تاریخ کا اہم باب ہے اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔
صدر آصف علی زرداری نے صدر رجب طیب اردوان اور ترک عوام کے لیے امن، خوشحالی اور کامیابی کی نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا ترکیہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر رجب طیب اردوان، ترک حکومت اور عوام کو یومِ فتح کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 30 اگست کی تاریخی فتح غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت میں حاصل ہوئی، جس نے جدید ترک جمہوریہ کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اس شاندار ورثے، حوصلے اور قومی عزم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
Pakistan and Türkiye share a longstanding partnership rooted in history, faith and mutual support.
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھی ذکر
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات دلوں کے ایسے رشتے ہیں جو صدیوں کی مشترکہ تاریخ، ایمان اور جدوجہد سے مضبوط ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے ذریعے پاکستان اور ترکیہ نے سعودی عرب کے ساتھ مل کر مشترکہ سلامتی اور اجتماعی دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ تمام شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری مزید گہری کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اسحاق ڈار کا ترک عوام سے اظہارِ یکجہتی
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی ترکیہ کے یومِ فتح کی 104ویں سالگرہ پر ترک قیادت، حکومت اور عوام کو مبارکباد دی۔
انہوں نے غازی مصطفیٰ کمال اتاترک، جنگِ آزادیِ ترکیہ کے ہیروز اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ترک قوم کے پائیدار جذبے کو سراہا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ غیر معمولی برادرانہ تعلقات میں بندھے ہوئے ہیں، جو باہمی اعتماد اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہری محبت پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات ایک جامع اور کثیرالجہتی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔



