وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گیس کمپنیوں میں مقامی افراد کو روزگار کے مواقع کی فراہمی اور مقامی آبادی کی فلاح و بہبود حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
قبائلی عمائدین اور نوجوانوں کی وزیراعلیٰ سے ملاقات
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بگٹی قبیلے کے عمائدین، بزرگوں اور نوجوانوں کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈیرہ بگٹی، سوئی اور گردونواح میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود اور علاقے کی مجموعی ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں ترقیاتی منصوبے
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ڈیرہ بگٹی، سوئی اور پورے علاقے کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے تاریخ ساز منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ متعدد اہم منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔ حکومت بلوچستان علاقے میں تعلیم، صحت، ذرائع مواصلات اور روزگار کے مواقع سمیت بنیادی سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
The Balochistan government is prioritizing jobs and welfare for local communities.
گیس کمپنیوں کے فنڈز عوامی مفاد میں استعمال کرنے پر زور
وزیراعلیٰ نے کہا کہ گیس کمپنیوں میں مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کی فلاح و بہبود کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ گیس کمپنیوں کے سوشل رسپانسبلٹی اور بہبود کے فنڈز کو عوامی مفاد کے منصوبوں پر خرچ کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے تاکہ مقامی آبادی کو ان وسائل سے براہ راست فائدہ پہنچ سکے۔
تعلیم، صحت اور مواصلات کے منصوبوں کو ترجیح
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت ترقیاتی عمل کو محض اعلانات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے ڈیرہ بگٹی، سوئی اور ملحقہ علاقوں میں دیرپا ترقی کی بنیاد مضبوط کر رہی ہے۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں کے ساتھ سڑکوں اور دیگر مواصلاتی ذرائع کی بہتری، روزگار کے مواقع اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام کی ترقی اور خوشحالی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے دستیاب وسائل کو شفاف اور مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جا رہا ہے۔



