عام امیدواروں، معذور افراد اور شہدا کے قانونی ورثا کیلئے عمر کی حد 43 سال مقرر، سرکاری ملازمین کیلئے بالائی حد 50 سال ہوگی
کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے سرکاری ملازمتوں میں امیدواروں کی عمر کی بالائی حد میں عمومی رعایت دینے کا اعلان کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق عام امیدواروں، معذور افراد اور شہدا کے قانونی ورثا کے لیے سرکاری ملازمتوں میں عمر کی بالائی حد 43 سال مقرر کر دی گئی ہے۔
سرکاری ملازمین کیلئے عمر کی حد 50 سال
اعلامیے کے مطابق ایسے سرکاری ملازمین جنہوں نے دو سال کی مسلسل سرکاری سروس مکمل کرلی ہے، ان کے لیے عمر کی بالائی حد 50 سال مقرر کی گئی ہے۔
تاہم جن سرکاری اسامیوں کے لیے مقررہ زیادہ سے زیادہ عمر کی حد پہلے ہی 43 سال سے کم ہے، ان پر عمر کی یہ رعایت لاگو نہیں ہوگی۔
تین سال تک مؤثر رہے گی نئی رعایت
ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق عمر کی بالائی حد میں دی گئی نئی رعایت نوٹیفکیشن جاری ہونے کی تاریخ سے تین سال تک مؤثر رہے گی۔
ترجمان نے واضح کیا کہ مقررہ عمر کی رعایت کے علاوہ مزید کسی قسم کی عمر کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
حکومت کے اس اقدام سے صوبے میں سرکاری ملازمتوں کے خواہشمند ایسے امیدواروں کو بھی مواقع میسر آنے کی توقع ہے جو موجودہ عمر کی حد کی وجہ سے سرکاری آسامیوں کے لیے اہل نہیں رہے تھے۔
Balochistan government raises upper age limit for government jobs to 43 years, with a 50-year limit for eligible serving government employees



