نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل اور کمپیوٹر مہارتیں سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے
بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (BSDI) کے تحت گورنمنٹ کالج آف ایلیمنٹری ایجوکیشن قلات میں آئی ٹی حب کا افتتاح کردیا گیا، جہاں طلبہ و طالبات کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت دی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر اور بریگیڈیئر نے افتتاح کیا
ڈپٹی کمشنر قلات انجینیئر عائشہ زہری اور 329 بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر غلام فاروق نے فیتہ کاٹ کر آئی ٹی حب کا افتتاح کیا۔ تقریب میں محکمہ تعلیم کے افسران، کالج انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
جدید آئی ٹی کورسز اور سہولیات
ماسٹر ٹرینر اکرام مینگل نے شرکاء کو آئی ٹی حب میں جاری مختلف کورسز، تربیتی دورانیے، زیرِ تربیت طلبہ و طالبات کی تعداد اور نوجوانوں کے لیے فراہم کیے جانے والے وظائف سمیت دیگر سہولیات پر بریفنگ دی۔
حکام کے مطابق موجودہ دور میں ٹیکنالوجی تعلیم کے ساتھ ساتھ روزگار اور ترقی کے نئے مواقع کی بنیاد بن چکی ہے۔ آئی ٹی حب کے ذریعے قلات کے نوجوانوں کو جدید کمپیوٹر اسکلز، ڈیجیٹل تعلیم اور ٹیکنالوجی کے عملی استعمال سے روشناس کرایا جائے گا۔
حکام نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید سہولیات اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ قلات میں آئی ٹی حب کا قیام اسی مقصد کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
BSDI inaugurates IT Hub in Qalat to equip youth with modern digital and computer skills.



