بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو کے تحت مختلف اضلاع میں شہری، تعلیمی، آبی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔
آواران میں تعلیم اور پانی کے منصوبے
آواران کی تحصیل گشکور میں حکومت اور پاک فوج کے اشتراک سے تعلیم، پانی اور عوامی سہولیات سے متعلق مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول رضائی بازار میں حفاظتی باؤنڈری وال تعمیر کی جا رہی ہے، جبکہ گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول بزداد اور گرلز ہائی اسکول گشکور میں نئے واش رومز بنائے جا رہے ہیں۔جی بی ایچ ایس چیری ملار میں واش رومز کی تعمیر کے ساتھ طلبہ کے لیے صاف اور ٹھنڈے پانی کے چلرز بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔ انٹر کالج ملار، جی جی پی ایس کارکیڈال اور امام بخش نوکجو میں نئی واٹر سپلائی اسکیموں پر بھی کام جاری ہے۔ملار میں مسافروں کی سہولت کے لیے پبلک ویٹنگ ایریا جبکہ گشکور بازار کو بارش اور طغیانی کے نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے پروٹیکشن بند بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔
لورالائی میں ترقیاتی اسکیمات اور ٹینڈرنگ کا جائزہ
لورالائی میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ حسیب شجاع کی زیرِ صدارت متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز کا اجلاس ہوا، جس میں جاری ترقیاتی اسکیمات اور آئندہ منصوبوں کے ٹینڈرنگ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مختلف اسکیمات کی عملی پیش رفت، کام کی رفتار، معیار اور ٹینڈرز کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے، معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے اور ٹینڈرنگ کے تمام مراحل مقررہ قواعد و ضوابط اور مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں یا ٹینڈرنگ کے عمل میں غفلت اور بلاجواز تاخیر کے ذمہ دار افسران و اہلکاروں کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
صحبت پور بازار کی خوبصورتی اور شہری سہولیات کا جائزہ
صحبت پور کے مرکزی بازار کی خوبصورتی، صفائی، ٹریفک کی روانی اور عوامی آمدورفت بہتر بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر صحبت پور فریدہ ترین نے اسسٹنٹ کمشنر سیف الدین کھوسہ اور ریونیو افسران کے ہمراہ بازار کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران بازار کے داخلی و خارجی راستوں، دکانوں کے سامنے کے حصوں، پیدل چلنے والوں کی سہولیات، صفائی اور ناجائز تجاوزات کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ ریونیو افسران کو ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے قانون کے مطابق مؤثر کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے تاجر یونین کے نمائندگان سے بھی ملاقات کی اور بازار کی خوبصورتی، صفائی اور دیگر شہری مسائل پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ تاجروں نے انتظامیہ سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔



