وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے، دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور عوامی روابط پر قائم ہیں۔
پاکستان چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ
چین کے یوم تاسیس کی 77ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ اور عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ بھی منا رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ چین کی تاریخی ترقی اور عالمی امن، استحکام اور ترقی میں بڑھتا ہوا کردار پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کیلئے باعثِ حوصلہ ہے۔
سی پیک 2.0 میں صنعتی اور ٹیکنالوجی تعاون
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری دونوں ممالک کی دیرپا دوستی اور مشترکہ خوشحال مستقبل کے عزم کا عملی اظہار ہے۔ ان کے مطابق دونوں ممالک اب سی پیک 2.0 کے اگلے مرحلے کی جانب بڑھ رہے ہیں، جس میں صنعت کاری، خصوصی اقتصادی زونز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، زراعت اور معدنیات پر توجہ دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ایک ہزار پاکستانی زرعی گریجویٹس چین میں تربیت مکمل کرچکے ہیں جبکہ مزید ایک ہزار گریجویٹس تربیت کیلئے تیار ہیں۔
چین پاکستان اقتصادی تعاون میں اضافہ
چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرز اور آہنی بھائی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جنوری سے جولائی کے دوران دوطرفہ تجارت 16.44 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 13.4 فیصد زیادہ ہے۔چینی سفیر کے مطابق جنوری سے اگست کے دوران دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت تقریباً 830 ملین ڈالر رہی، جس میں سالانہ بنیاد پر 45 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہانگ کانگ سمیت پاکستان میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری میں چین کا حصہ 60.7 فیصد ہے۔
بلوچستان میں 100 واٹر اسٹیشن اور ایک ہزار اسمارٹ کلاس رومز
چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ صنعت، زراعت اور معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں 100 صاف پانی کے اسٹیشنز کی تعمیر، ایک ہزار اسمارٹ کلاس رومز کی اپ گریڈیشن اور ایک لاکھ اسکول کٹس کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی، جامعات، تھنک ٹینکس، نوجوانوں اور خواتین کے درمیان روابط بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
China and Pakistan continue to expand cooperation across trade, agriculture, education and technology.
دفاعی اور سکیورٹی تعاون جاری رکھنے کا عزم
چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ دفاع، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط کرے گا۔ انہوں نے عالمی سطح پر بھی دونوں ممالک کے درمیان رابطہ اور گلوبل ساؤتھ کے ممالک کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کیک کاٹا۔



