بلوچستان اسپیشل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (بی ایس ڈی آئی) کے تحت سبی، مستونگ، قلات اور تربت میں آبپاشی، سیلابی تحفظ، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور صحت کی سہولیات کی بہتری کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ تربت ٹیچنگ ہسپتال میں 2 کروڑ 99 لاکھ روپے کی لاگت سے سولر سسٹم کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے۔
سبی اور مستونگ میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ
سبی میں اسسٹنٹ کمشنر ملک بہادر خان بنگلزئی کی زیر صدارت کھلی کچہری میں ناڑی ہیڈ ورکس کے ترقیاتی منصوبے اور بھل صفائی سے متعلق زمینداروں سے مشاورت کی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ یکم نومبر سے پانی کی فراہمی بند کرکے ترقیاتی کام شروع کیا جائے گا۔مستونگ میں ڈپٹی کمشنر بہرام سلیم بلوچ کی زیر صدارت اجلاس میں بی ایس ڈی آئی منصوبوں کی پیش رفت اور معیار کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے سلیک سیزن سے قبل پی سی ون کے مطابق مکمل کیے جائیں اور معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
قلات میں حفاظتی بند، تربت میں سولر سسٹم
قلات کی زاوہ ندی کے حفاظتی بندوں کو مضبوط بنانے کا کام جاری ہے۔ منصوبے سے قریبی آبادیوں، مکانات اور زرعی اراضی کو سیلابی ریلوں سے ممکنہ نقصانات سے بچانے میں مدد ملے گی۔دوسری جانب، ضلع کیچ کے ٹیچنگ ہسپتال تربت میں بی ایس ڈی آئی فیز تھری کے تحت 2 کروڑ 99 لاکھ روپے کی لاگت سے سولر سسٹم نصب کرنے کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ بی ایس ڈی آئی کے انجینئر محمد عالم بلوچ نے منصوبے کا جائزہ لینے کیلئے ہسپتال کا دورہ کیا۔ سولر سسٹم سے ہسپتال کی بجلی کی ضروریات پوری کرنے اور طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔



