Facebook YouTube TikTok WhatsApp
پاکستان

آمنہ بلوچ ترکی میں پاکستان کی پہلی خاتون سفیر مقرر، نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں

✍️ Nazrban Balochistan 📅 03 Nov 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

تین دہائیوں سے زائد سفارتی تجربہ رکھنے والی آمنہ بلوچ پاک ترکی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم

اسلام آباد: پاکستان کی سینئر سفارت کار اور سابق سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے ترکی میں پاکستان کی سفیر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ وہ ترکی میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی پہلی خاتون سفیر بن گئی ہیں، جسے ملکی سفارتی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جارہا ہے۔

آمنہ بلوچ کو سفارتی شعبے میں تین دہائیوں سے زائد کا تجربہ حاصل ہے۔ انہوں نے 1991 میں پاکستان فارن سروس میں شمولیت اختیار کی اور تاریخ اور بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں۔

اہم سفارتی عہدوں پر خدمات انجام دیں

آمنہ بلوچ اپنے سفارتی کیریئر کے دوران استنبول میں قونصل جنرل اور 2023 سے 2024 تک بیلجیم میں پاکستان کی سفیر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔

وہ 2024 سے 2026 تک پاکستان کی 33ویں سیکرٹری خارجہ بھی رہیں، جہاں انہوں نے وزارت خارجہ کی قیادت کرتے ہوئے اہم علاقائی اور عالمی سفارتی معاملات میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

ان کی سفارتی خدمات کے اعتراف میں وزیراعظم پاکستان نے یوم آزادی 2025 کے موقع پر انہیں ستارۂ امتیاز سے بھی نوازا تھا۔

پاک ترکی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم

ترکی میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد آمنہ بلوچ نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی دوستی، باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ شراکت داری کو وسعت دینا ان کی اہم ترجیحات میں شامل ہوگا۔

آمنہ بلوچ نے اس اہم سفارتی ذمہ داری پر اعتماد کرنے کے لیے وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور ملک و قوم کی خدمت پوری لگن اور عزم کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر اور نائب وزیراعظم کی جانب سے مبارکباد

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آمنہ بلوچ کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور بطور سیکرٹری خارجہ ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

آمنہ بلوچ کی ترکی میں پاکستان کی پہلی خاتون سفیر کی حیثیت سے تقرری کو ملکی سفارت کاری میں خواتین کی نمائندگی اور پاک ترک تعلقات کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے

۔Amina Baloch Becomes Pakistan’s First Woman Ambassador to Türkiye

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں
↑