Facebook YouTube TikTok WhatsApp
GOB

پاک۔ایران تجارت 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق، وزیراعلیٰ بلوچستان اور گورنر سیستان کی ملاقات

✍️ Nazrban Balochistan 📅 22 Jul 2026 ⏱️ 1 منٹ پڑھنے کا وقت

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ایرانی صوبہ سیستان و بلوچستان کے گورنر منصور بجار نے تجارت، سرحدی تعاون، بارڈر مارکیٹس اور علاقائی سیکیورٹی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تجارتی حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے، مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام اور

معاشی تعاون کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ایرانی صوبہ سیستان و بلوچستان کے گورنر منصور بجار نے ملاقات کی، جس میں پاک۔ایران دوطرفہ تعلقات، سرحدی تعاون، تجارت، علاقائی صورتحال اور باہمی روابط کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے آغاز میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت پر گورنر منصور بجار سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان بارڈر پر بارٹر ٹریڈ کا حجم بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں اضافے سے نہ صرف تجارت کو فروغ ملے گا بلکہ سیکیورٹی صورتحال بھی بہتر ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ سرحد پر قائم ابتدائی تین بارڈر مارکیٹس پر توجہ دے کر مستقبل میں مزید بارڈر مارکیٹس قائم کی جا سکتی ہیں، جبکہ چاغی سے سکھر تک ریلوے ٹریک کی بہتری سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا اور دوطرفہ تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ممکن ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن ہی ترقی اور مضبوط معیشت کی بنیاد ہے، اس لیے دونوں ممالک کو اپنی سرزمین پر موجود نان اسٹیٹ ایکٹرز کے خلاف مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ لائیو اسٹاک کی تجارت کے فروغ کے لیے سلاٹر ہاؤسز اور کولڈ اسٹوریج تعمیر کیے جا رہے ہیں اور ایرانی وفد کی سرمایہ کاری کی پیشکش کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دونوں صوبائی حکومتیں مشترکہ ورکنگ گروپس تشکیل دیں تاکہ تجارت، سرحدی روابط اور عوامی تعاون کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ویسٹرن کوریڈور کے تحفظ کے لیے علیحدہ سیکیورٹی ڈویژن قائم کیا جا رہا ہے، جس سے منرل کوریڈور اور ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

اس موقع پر ایرانی صوبہ سیستان کے گورنر منصور بجار نے کہا کہ وہ پاکستان بالخصوص بلوچستان کے عوام کی محبت، مہمان نوازی اور تعاون پر شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان موجودہ تجارتی حجم تقریباً تین ارب ڈالر ہے، جسے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے کا مشترکہ ہدف ہے۔ گورنر منصور بجار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سرحدی تعاون اور تجارت کے فروغ سے نہ صرف معاشی ترقی ممکن ہوگی بلکہ دونوں ممالک سیکیورٹی چیلنجز سے بھی مشترکہ طور پر زیادہ مؤثر انداز میں نمٹ سکیں گے۔

📤 خبر شیئر کریں

متعلقہ خبریں